کوونٹری( وقارملک ) کوونٹری والی بال کلب کے زیر اہتمام جشن آزادی پاکستان والی بال ٹورنامنٹ کااہتمام کیا گیا جس میں برطانیہ کے شہر بریڈ فورڈ مانچسٹر اور برمنگھم سے ٹیموں نے حصہ لیا، مانچسٹر کی ٹیم فرسٹ پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہی اور ٹرافی کے ساتھ نقد انعام بھی حاصل کیا جبکہ برمنگھم کے راجہ ارشد کلب نے سیکنڈ پوزیشن حاصل کی، کوونٹری والی بال کلب کی طرف سے تمام کھلاڑیوں کو خصوصی میڈلز بھی دیئے گئے، اس موقع پر کوونٹری والی بال کلب کے صدر راجہ عارف نے کہا کہ کھیل صحت مند زندگی کے حصول کیلئے نہایت ضروری ہے ۔کھیل صرف تفریح کا ذریعہ ہی نہیں بلکہ جسم کو چاق و چوبند اور صحت مند بنانے کا بھی ذریعہ ہے ۔ اسپورٹس سے دماغ تر وتازہ ہوتا ہے اور ایسی قائدانہ صلاحیتوں کو اُبھارتا ہے جو کوئی اور چیز نہیں اُبھار سکتی ۔ جیسے کہ کہا جاتا ہے "A sound body has a sound mind." اگر کھیل نہ ہو تو ہمارا جسم بالکل لاغر و کمزور ہو جاتا ہے ۔ کھیل خواہ کسی بھی قسم کے ہوںIndoor یا Outdoor ، ہر طرح سے انسانی نشونما پر اثر ڈالتے ہیں انہوں نے کہا کہ آئندہ ہر سال کوونٹری والی بال کلب کے زیر اہتمام ٹورنامنٹس کروائے جائیں گے تاکہ نوجوان نسل بے راہ روی سے دور اور صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب ہو۔ راجہ اشفاق یاسر، رشید بٹ، چوہدری عقیل ، ظفر بٹ ،کاشف بٹ ، محمد رمضان، حافظ عبدالوحید ،طارق محمود، چوہدری سخاوت ، راجہ رئیس ،چوہدری خالد، راجہ عمر، راجہ کاشف نے کہا کہ کھیلوں سے ذہنی صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے اور قابلیت بھی اُبھرتی ہے ۔ Outdoor کھیل ، جس میں کرکٹ، فٹ بال ، باسکٹ بال ، والی بال ، مختلف قسم کی دوڑیں ، ٹینس اور بیڈمنٹن ہمارے جسم کو چُست ، لچکدار اور پھرتیلا بناتے ہیں ۔ جو بچہ فزیکل فٹنس کے اصول سے واقف ہو وہ خود کو ہر کھیل کے مطابق ڈھال سکتا ہے اور اس سے اس کی انفرادی اور اجتمائی طور پر کام کرنے کی صلاحیت بھی ظاہر ہوتی ہے۔ کھیل انسان کی شخصیت کو سنوارنے میں بے حد اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔ کھیل کود سے انسان میں فرماں برداری ، تحمل مزاجی ، صبر ، انتظام اور قوتِ برداشت بڑھتی ہے۔ حافظ عبدالوحید اور محمد رمضان نے کہا کہ کوونٹری والی بال کلب نے ایک ایسے وقت میں ٹورنامنٹ کا اہتمام کیا جب عوام کورونا میں مایوسی اور بوریت محسوس کر رہے تھے، ان حالات میں نوجوانوں کو ذہنی تازگی میسر ہوئی اور ایک خوشگوار ماحول میں اپنے جوہر دکھانے کا موقع ملا ،انھوں نے کہا کہ ایسے ٹورنامنٹس وقت کی ضرورت ہیں، کوونٹری والی بال کلب اور اس کی انتظامیہ مبارک باد کی مستحق ہے۔