کراچی (این این آئی)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں سے صرف کراچی نہیں پورے سندھ میں تباہ کاریاں ہوئی ہیں‘ وزیراعلیٰ سندھ موجودہ تشویشناک صورتحال سے نمٹنے کے لئے وفاقی حکومت سے رابطہ کرکے مدد مانگیں‘امید ہےوفاقی حکومت صوبے کی معیشت کو معمول پر لانے کے لئے اپنا آئینی کردار ادا کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو نے وزیراعلیٰ سندھ سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے حکومتِ سندھ کو بروقت امدادی کارروائیاں یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔ جمعہ کو بلاول بھٹونے کہاکہ حکومت سندھ قدرتی آفات سے متاثرہ صوبے بھر کے شہریوں کے لیے بروقت ریلیف یقینی بنائے‘پورے صوبے میں سرکاری و نجی املاک کو پہنچنے والے نقصانات کا سروے کرایاجائے ۔ سندھ بھر میں امدادی کام تیز اور بحالی کے عمل کو جلد شروع کیا جائے۔بارشوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے والی سڑکوں کا کام مکمل کرکے آمدورفت کو بحال کیا جائے۔بارشوں سے پورے صوبے میں نقصان ہوا ہے، جبکہ کاشتکاروں و کسانوں کو بہت بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔