• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کے سیلاب متاثرہ عوام سےترک اداکار کی ہمدردی

اسلامی فتوحات پر مبنی مشہور و مقبول تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ میں عبدالرحمن غازی کا کردار ادا کرنے والے تُرک اداکار جلال نے کراچی اور لاہور میں بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر اظہار ہمدردی کیا ہے۔

سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر اسٹوری میں انہوں نے کراچی سمیت پورے پاکستان میں سیلابی صورتحال سے دوچار لوگوں کیلئے دعا کرتے ہوئے لکھا کہ بارش کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کیلئے بےشمار دعائیں کی جارہی ہیں۔

انہوں نے اردو میں پیغام لکھتے ہوئے کہا کہ ’سیلاب کی تباہ کاریوں پر پاکستانی قوم سے اظہار ہمدردی کرتے ہیں۔‘

انہوں نے لکھا کہ ’اس مشکل گھڑی میں سیلاب میں جاں بحق ہونے والوں کیلئے اللّٰہ سے مغفرت کی دعا کرتے ہیں۔‘

تُرک اداکار نے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے لکھا کہ ’میری دعائیں اور ہمدردیاں پاکستانیوں کے ساتھ ہیں۔‘

پاکستان میں ترک سیریز ’ارطغرل غازی‘ کی غیر معمولی مقبولیت کے بعد سے ہی تُرک اداکاروں کی جانب سے مختلف مواقعوں پر پاکستانیوں کیلئے پیغامات شیئر کئے جاتے ہیں۔

پی آئی اے کے جہاز کا حادثہ ہو، عید کا موقع ہو یا پاکستان کا یومِ آزادی تقریباً ہر تہوار اور دُکھ کی گھڑی میں پاکستانیوں کیلئے پیغامات شیئر کئے جاتے ہیں۔

اس سے قبل جلال نے سلطنت عثمانیہ کیلئے لڑنے والے عبدالرحمن پشاوری کی خدمات کو یاد کرتے ہوئےانہیں خراج عقیدت پیش کیا تھا۔

جلال نے انسٹاگرام پر عبدالرحمن پشاوری کی تصویر بطور اسٹوری شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’پشاور سے تعلق رکھنے والے عبدالرحمن ایک پاکستانی شیر تھے۔‘

انہوں نے لکھا کہ ’عبدالرحمن پشاوری نے ایک مشکل سفر طے کرکے اپنی کتابیں اور جیکٹ فروخت کرکے سلطنت عثمانیہ کی فوج میں شمولیت اختیار کی تھی۔‘


پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر پاکستانیوں کے لیے خصوصی پیغام شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میرے پاکستانی بہن بھائیو! آپ کو یوم آزادی مبارک ہو اور شہدا پاکستان کو سلام ۔‘

تازہ ترین