• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

آرمی چیف جنرل باجوہ کی قومی کھیل پر توجہ قابل ستائش

پچھلا ہفتہ پاکستان ہاکی کے لئے خاصا حوصلہ افزا ء رہا جس سے قوم کی نظریں ایک بار پھر قومی کھیل ہاکی جانب متوجہ ہوگئی،سب سے اہم بات آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی اس کھیل پر توجہ قابل ستائش ہے جنہوں نے پی ایچ ایف کے صدر بر یگیڈئیر( ر) خالد سجاد کھوکھر سے ملاقات میں واضح طور پر کہا کہ آرمی نے ہمیشہ کھیلوں بالخصوص ہاکی کو سپورٹ کیا،حکومت ہاکی کی بحالی میں دلچسپی رکھتی ہے، پچھلے ہفتے پاکستان ہاکی کے حکام نے وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی جنہوں نے فوری طور پر مالی مشکلات سے دوچار پی ایچ ایف کے لئے کسی مالی مدد کا اعلان نہین کیا البتہ اس کھیل میں انقلابی تبدیلی کے لئے ہدایات اور تجاویز بھی دیں،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نےملک میں قومی کھیل ہاکی میں بہتری کے لئے بڑا اعلان کرتے ہوئے مالی مشکلات کا شکار پاکستان ہاکی فیڈریشن کو 5 کروڑ روپے دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ 

اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ آرمی نے ہمیشہ کھیلوں بالخصوص ہاکی کو سپورٹ کیا،حکومت ہاکی کی بحالی میں دلچسپی رکھتی ہے۔صدر ہاکی فیڈریشن نے آرمی چیف سے تشکر کا اظہار کیا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بر یگیڈئیر( ر) خالد سجاد کھوکھر نے کہا کہ آرمی چیف قومی کھیل کے سنہری دور کی واپسی اور ڈومیسٹک ہاکی میں مثبت نتائج کے خواہش مند ہیں، ان کے ساتھ ہونے والی ملاقات اچھی رہی،انہوں نے ہاکی میں بہتری کے لئے 5 کروڑ روپے دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔جو انشاء اللہ جلد پی ایچ ایف کو مل جائیں گے،ملاقات میں انہیں ہاکی کی بحالی کے لیے اقدامات اور اپنے منصوبوں سے آگاہ کیا۔

انہوں نے اس حوالے سے پی ایچ ایف کے لیے آرمی ویلفیئر فنڈ سے 5 کروڑ روپے دینےکا وعدہ کیا ہے، افوج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ فوج نے ہاکی سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ کی ہمیشہ حمایت کی۔ترجمان آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاک فوج راولپنڈی،اوکاڑہ میں بھی آسٹروٹرف اسٹیڈیم بناچکی ہے۔جنگ سے بات چیت کرتے ہوئےسجاد کھوکھر نے کہا کہ آرمی چیف کو پہلی پاکستان ہاکی سپر لیگ کے انعقاد کے بارے میں بھی بتایا جس میں غیر ملکی کھلاڑیوں کو بھی مدعو کیا جائے گا جس سے ملک میں اس کھیل کو بہتر بنانے اور فروغ دینے میں مدد ملے گی، آرمی چیف نے لیگ کے انعقاد میں بھی مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔

اس سے قبل پاکستان ہاکی فیڈریشن بریگیڈیئرریٹائرڈ خالد سجاد کھوکھر اور سیکریٹری جنرل محمد آصف باجوہ نے وزیر اعظم ہائوس میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں ہاکی کے فروغ اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے ہاکی حکام کوہاکی بحالی کے لیے تجاویز اور ہدایت دی۔ ہاکی کی ترویج اور نئے ٹیلنٹ کو ابھارنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ ہاکی کی بہتری کیلئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کا آئین تبدیل کرنے اورپاکستان ہاکی فیڈریشن کا انتظامی ڈھانچہ فوری طورپر کر کٹ بورڈ کی طرزپربنانے کی ہدایت بھی کی۔ 

وزیراعظم پاکستان نے پی ایچ ایف حکام کوٹیموں کے صوبوں اور شہروں کے نام پرپاکستان ہاکی لیگ کرانے کے لیےاقدامات کرنے اور چاروں صوبوں میں ایلیٹ ہاکی اکیڈیمزقائم کرنےاورصوبائی حکومتوں کو پی ایچ ایف کےساتھ مل کراکیڈیمزکاقیام عمل میں لانے کو بھی کہا .وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا کہ قومی کھیل کو بحال کرکےماضی کاعروج واپس لایاجائےگا، پاکستان ہاکی کےکھیل کی بہتری کیلئےتمام وسائل بروئےکارلائیں گے اور وزیراعظم نے پاکستان ہاکی کومکمل حکومتی سپورٹ کی یقین دہانی کرائی،سیکرٹری پی ایچ ایف محمدآصف باجوہ نے وزیراعظم کوپاکستان ہاکی فیڈریشن کےتمام امور پر بریفنگ دی۔ جس پر وزیراعظم عمران خان نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی انتظامیہ پرمکمل اعتماد کا اظہارکیا۔برگیڈیئرریٹائرڈ خالد سجاد کھوکھر اور سیکرٹری محمد آصف باجوہ نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کی سپورٹ اور قومی کھیل کے لیے کیے جانے والے اقدامات پرشکریہ ادا کیا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بر یگیڈئیر( ر) خالد سجاد کھوکھر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران سے ملاقات حوصلہ افزاء رہی جس سے قومی کھیل کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی، جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر مکمل عمل کیا جائے گا، فیدریشن کے آئین کو تبدیل کرنے کے لئے قانونی مشاورت شروع کردی گئی ہے، پی ایچ ایف کے تمام اسٹیک ہولڈر کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا، پی ایچ ایف کے دروازے ہر ایک لئے کھلے ہوئے ہیں،کچھ سابق کھلاڑیوں سے رابطے میں ہوں۔

قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان حنیف خان نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے قومی کھیل پر توجہ خوش آئند ہے، فنڈ فراہم کئے بغیر ملک میں ہاکی اکیدمیز اور ہاکی لیگز کا انعقاد مشکل ہے،پی ایچ ایف مخالف ہاکی اولمپئینز فورم کے سنیئر رکن سابق قومی ہاکی کپتان منظور الحسن نے کہا ہے کہ آزمائے ہوئے ناکام اور بد نیت پی ایچ ایف کے حکام پر اعتماد بے کار ثابت ہوگا۔

تازہ ترین
تازہ ترین