اسلام آباد(نمائندہ جنگ) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی خان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔دونوں رہنمائوں کے درمیان ملکی سیاسی صورت حال ، ترقی پسند سیاسی جماعتوں کے کردار پر بھی گفتگو ہوئی، بلاول بھٹو زرداری اور ایمل ولی خان نے سیاسی معاملات میں ایک ساتھ چلنے ،اپوزیشن جماعتوں میں اتحاد برقرار رکھنے کے عزم کا بھی اعاد ہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے حکمران جماعت کی جانب سے نیب کے ذریعے جانب دارانہ احتساب کو مسترد کرنے پر بھی اتفاق کیا، بلاول بھٹو نے کہا کہ بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی سنگین صورتحال پر وفاقی حکومت کا مثبت کردار سامنے آنا چاہئے ۔ ایمل ولی خان نے کہا کہ چاہے ٹڈی دل ہو، کورونا وائرس یا طوفانی بارشیں، پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت نے سندھ کو لاوارث چھوڑا، پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت نے سندھ کے سنگین بحرانوں پر ہمیشہ سیاست چمکائی ہے۔