• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کو گھر بھیجنے کیلئے آئینی راستہ اختیار کریں گے، احسن اقبال


اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت کو گھر بھیجنے کے لیے آئینی راستہ اختیار کریں گے۔

کراچی میں پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے بلاول ہاؤس میڈیا سیل میں پریس کانفرنس کی۔

اس موقع پر احسن اقبال نے کہا کہ مرکزی رہنماؤں کی ملاقات میں ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کو گھر بھیجنے کے لیے آئینی راستہ اختیار کیا جائے گا۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ پاکستان میں صدارتی نظام کوئی نیا تجربہ نہیں، یہاں طویل عرصے تک صدارتی نظام رہ چکا۔

ان کا کہنا تھا کہ صدارتی نظام نے ملک توڑا، چھوٹے صوبوں کو احساس محرومی دیا، 72 سال بعد اس ملک میں تجربوں کی گنجائش نہیں۔

سابق وفاقی وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ 1973ء کے آئین میں واضح طور پر تحریر ہے کہ پاکستان کا نظام وفاقی پارلیمانی ہے، ملک کو چلانے کا ایک ہی راستہ ہے 1973 کے آئین پر آنکھیں بند کرکے عمل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت احتساب نہیں کررہی، یہ سیاسی انتقامی کارروائی پر عمل پیرا ہے، حکومت کی کوشش تھی کہ قومی احتساب بیورو (نیب) قانون کی طرح، جس کو دل چاہے 90 دن کے لیے گرفتار کرلے۔

اپوزیشن جماعتوں کا موقف ہے کہ جسے بھی گرفتار کیا جائے اس کو عدالت میں پیش کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سندھ میں تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں، وفاقی حکومت امدادی پیکیج کا اعلان کرے، امدادی پیکیج ایسا ہونا چاہیے جو غریب کسان اور شہری کو سہولت فراہم کرے۔

تازہ ترین