واشنگٹن ( نیوز ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے چین کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر چین نے ایران پر عائد امریکی پابندیوں کے نظام کی خلاف ورزی کی تو واشنگٹن حکومت چین کو ذمے دار ٹھہرانے پر مجبور ہو جائے گی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایران اور چین دنیا بھر میں انسانی حقوق کی سب سے زیادہ پامالی کرنے والے ممالک ہیں۔ خبر رساں اداروں کے مطابق اپنے تازہ ریڈیو بیان میں امریکی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ امریکا چین اور ایران کے درمیان ہتھیاروں کی تجارت کو روکنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ جو ممالک ایران کو ہتھیار فروخت کرنا چاہتے ہیں ان میں چین بھی شامل ہے، جس سے وہ بڑے پیمانے پر نفع حاصل کرے گا۔ امریکی وزیر خارجہ نے تہران کے خلاف پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ آیندہ موسم خزاں میں ایران پر ایک بار پھر بین الاقوامی پابندیاں عائد ہو جائیں گی۔ اس طرح چین اور ایران کے درمیان تعامل کے مواقع کم ہو جائیں گے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی امریکی وزیر خارجہ نے باور کرایا تھا کہ واشنگٹن ایران کے احتساب اور خطے میں اس کی تخریبی سرگرمیاں روکنے کا عزم رکھتا ہے۔