• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی 20 رینکنگ، حفیظ ایک جست میں 27 درجے پھلانگ گئے، شاہین کی بھی ترقی

ٹی 20 رینکنگ، حفیظ ایک جست میں 27 درجے پھلانگ گئے، شاہین کی بھی ترقی


کراچی (اسٹاف رپورٹر) انگلینڈ کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کے بعد تجربہ کار بیٹسمین محمد حفیظ اور نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں ترقی ہوئی ہے۔ بابراعظم بدستور عالمی رینکنگ میں سرفہرست بیٹسمین ہیں تاہم انہیں دس پوائنٹس کی کمی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ حالیہ رینکنگ میں 869 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر براجمان بابراعظم ایک روزہ رینکنگ میں تیسرے اور ٹیسٹ رینکنگ میں پانچویں نمبر پر ہیں اس طرح وہ اب بھی تینوں طرز کی کرکٹ کے ٹاپ فائیو میں شامل دنیا کے وہ واحد بیٹسمین ہیں۔ ٹیموں کی عالمی درجہ بندی میں آسٹریلیا 278 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، انگلینڈ 268 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، بھارت 266 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور پاکستان 261پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے۔ سیریز کے آخری دو میچوں میں 69 اور 86 ناٹ آؤٹ رنز کی اننگز کی بدولت مین آف دی سیریز کا ایوارڈ حاصل کرنے والے بیٹسمین محمد حفیظ 27درجے ترقی پاکر 44ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ بابراعظم اور دوسرے نمبر پر موجود بھارت کے لوکیش راہول میں45 پوائنٹس کا فرق ہے جبکہ آسٹریلیا کے ایرون فنچ820 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ فخر زمان دو درجہ تنزلی کے بعد 23ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔ شعیب ملک اور افتخار احمدنے تنزلی کے بعد بالترتیب 49ویں اور 94ویں جبکہ حیدر علی 747ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ بولرز میں شاہین شاہ آفریدی نے اپنے کیرئیر کی بہترین رینکنگ حاصل کرلی ہے۔ وہ 14 درجہ ترقی پاکر 20ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔ انگلینڈ کے ٹام کرن اور بھارت کے واشنگٹن سندر بھی بیسویں پوزیشن پر موجود ہیں۔

تازہ ترین