کراچی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے مفرور ملزم تنویر عرف جموکو 21 سال قید کی سزا سنادی جبکہ مینگورہ سے ایک دہشت گرد کو گرفتار کرلیا ۔
انسداد دہشت گردی عدالت کراچی نے مفرور ملزم تنویر عرف جموکو 21 سال قید کی سزا سنائی۔ملزم گزشتہ سال 24 اگست کوکراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت سے فرار ہوگیا تھا ۔
ملزم تنویر کو اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے گرفتار کرکے 17 فروری کو عدالت پیش کیا تھا۔ملزم کے خلاف دھماکا خیز مواد اور غیرقانونی اسلحہ رکھنے کا مقدمہ درج تھا۔
دوسری طرف محکمہ انسداد دہشت گردی ملاکنڈ ریجن نے مینگورہ جنرل بس اسٹینڈ سے ایک دہشت گرد کو گرفتار کرلیا۔ سی ٹی ڈی کے مطابق خفیہ اطلاع پر مینگورہ بس اڈے پر چھاپہ مارا گیا ۔
چھاپے میں دہشت گرد افضل ربی ولد عبدالمالک سکنہ پٹن کوہستان کو حراست میں لے لیا گیا۔ اس پر 2004 ءمیں اشتعال انگیز تقاریر کے ذریعے عوام کو حکومت کے خلاف اکسانے کے الزامات ہیں۔
دہشت گرد افضل ربی کو تفتیش کے لئے خفیہ مقام پر منتقل کردیا گیا۔