کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے ایک بار پھر بگ تھری کیخلاف آواز اٹھا تے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا اگلا چیئرمین بھارت، آسٹریلیا یا انگلینڈ سے نہیں ہونا چاہیے، بگ تھری کی وجہ سے صرف مالی ماڈل ہی غلط نہیں بنا بلکہ ان تین ممالک نے ایونٹس بھی آپس میں تقسیم کر لیے ہیں، ہم بھارت کے خلاف سیریز کے بغیربھی خوش اسلوبی سے بورڈ کے معاملات چلا رہے ہیں۔ کیا کرکٹ آسٹریلیا یہ کرسکتا ہے۔ ایک ویب سائٹ کو دئیے گئے انٹرویو میں چیئرمین بی سی بی کا ایک سوال کےجواب میں کہنا تھا کہ آئی سی سی کے کچھ ڈائریکٹرز نے چیئرمین کا عہدہ سنبھالنے کی پیشکش کی تھی، تاہم اس کا خواہشمند نہیں۔ آئی سی سی میں مفادات کا ٹکراؤ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 31-2023کے دوران ورلڈ کپ کی میزبانی کرنا چاہتے ہیں، ہم نے چار ایونٹس کی میزبانی میں دلچسپی اظہار کیا ہے، کچھ ایونٹس کی میزبانی متحدہ عرب امارات کے ساتھ مل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔