• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احساس پروگرام کے تحت اخبار فروشوں کی مدد کرینگے، ڈاکٹر ثانیہ نشتر

اسلام آباد( جنگ نیوز) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ احساس پروگرام کے تحت اخبار فروشوں کی مدد کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔ وزیراعظم کا مشن ہی کمزور اور ضرورت مند لوگوں کی مدد کرنا ہے۔ آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے تاحیات سیکرٹری جنرل ٹکا خان نے وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان ورکر زفیڈریشن کے جنرل سیکرٹری ظہور اعوان، اخبار فروش یونین راولپنڈی کے جنرل سیکرٹری عقیل عباسی اور اخبار فروش یونین اسلام آباد کے صدر چوہدری محمد شریف بھی موجود تھے۔ ٹکا خان نےکہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے اخبار فروشوں کو بہت زیادہ مالی نقصان پہنچا ہے اس سلسلے میں ہم نے حکومت کے مختلف ذمہ داران سے پہلے بھی رابطے کیے ہیں۔ مستحق اخبار فروشوں کی لسٹ محکمہ اطلاعات میں جمع کرا چکے ہیں۔ ثانیہ نشتر نے یقین دہانی کراتے ہوئے بتایا کہ میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر اور وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز سے رابطہ کروں گی۔ اگر وفاقی وزارت اطلاعات سمری بنا کر بھیج دے تو ہم اس کو کابینہ میں پیش کر سکیں گے۔ ظہور اعوان نےکہا کہ حکومت اخبار فروشوں کی بھر پورمدد کرے۔
تازہ ترین