کھانا پکانا بھی ایک آرٹ ہے، مختلف اجزاء اور طریقے سے ایک نئی ڈش سامنے آجاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج ہمارے سامنے لاتعداد ذائقہ دار پکوانوں کی ریسیپیز موجود ہیں۔ جب لذیذ پکوانوں کی بات آتی ہے تو تندوری پکوان کا ذکر لازمی کیا جاتا ہے۔ تندوری پکوان کی تیاری کوئلے سے پیدا ہونے والی براہ راست آنچ پر سیخوں میں پکاکر، توے یا کڑاہی پر کی جاتی ہے۔ گوشت کا رس گرم کوئلوں پر گرنے سے پیدا ہوتا ہے اور اس میں لگی اشیا میں خوشبو اور ذائقہ بڑھاتا ہے۔ ان کا ذائقہ عام چولہے پر پکنے والے کھانوں سے منفرد اور مزید ذائقہ دار ہوتا ہے۔ تندوری کھانوں کی خوشبو سے دستر خوان مہک اٹھتا ہے اور آپ ہاتھ نہیں روک پاتے۔ تندوری پکوانوں کی چند لذیذ، ذائقہ دار تراکیب ملاحظہ فرمائیں۔
تندوری ران
درکار اجزاء:
بکرےکی ران۔ایک عدد
نمک/کالی مرچ۔حسبِ ضرورت
باربی کیو سوس۔حسبِ ذائقہ
ترکیب:
بکرےکی ران اچھی طرح صاف کر لیں۔ پھر ایک روسٹنگ پین میں اس ران کو نمک /کالی مرچ لگا کر رکھیں اور اچھی طرح سوس بھی لگادیں۔ ایک گھنٹے کے لیے فریج میں رکھ کر میرینیٹ کر لیں۔ اب اوون کو 375 ڈگری فارن ہائیٹ (190 ڈگری سینٹی گریڈ) پر گرم کر لیں۔ پھر فریج سے روسٹنگ پین نکال کر اوون میں رکھ دیں اور تیل ڈال کر 45 منٹ کے لیے پکائیں اب باربی کیو گرلز کو درمیانی آ گ پر گرم کریں۔
ہر گرل پر تیل لگاکر ایک ایک ران سیٹ کریں۔پھر بیس منٹ کے لیے پکائیں۔ تقریباً سات سے آٹھ بار تیل لگا کر روسٹ کریں۔ ران کو ہر طرف سے اچھی طرح براؤن کرلیں اور یہ بھی چیک کریں کہ وہ گل گئی ہے۔ پھر تندوری ران کو اپنے ذائقے کے مطابق سیزن کرلیں۔ ٹماٹر ،دھنیے ،پیاز، فرنچ فرائز یا ابلے ہوئے آلوؤں کے ساتھ پیش کر سکتے ہیں۔لیجیے ذائقے دار تندوری ران تیار ہے۔
تندوری بیف
درکار اجزاء:
بیف اسٹیک۔چار عدد بڑے قتلے
آم کی چٹنی ۔تین چوتھائی کپ
لہسن ۔ایک جوّا (کچل لیں)
لیموں ۔چار عدد
دہی ۔تین چوتھائی کپ
تندوری مسالہ۔ایک چوتھائی کپ
تندوری مسالہ کے لئے:
نمک۔ ایک کھانے کا چمچ
گرم مسالہ۔ ایک کھانے کا چمچ (پسا ہوا)
لال مرچ ۔تین کھانے کے چمچ (پسی ہوئی)
اورنج ریڈ کلر ۔آدھا چائے کا چمچ
دھنیا ۔تین کھانے کے چمچ (بھنا اور پسا ہوا)
سونف ۔دو کھانے کے چمچ (بھنی اور پسی ہوئی)
سفید زیرہ۔ دو کھانے کے چمچ (ثابت اور بھنا ہوا)
ترکیب:
ایک برتن میں بیف اور تندوری مسالہ مکس کرلیں۔ تمام مسالہ بیف پر لگادیں۔پھر ڈھک کر کم ازکم تین گھنٹے یاایک رات کے لئے رکھ دیں۔بیف کو گرم تیل لگی باربی کیو گرل پر براؤن ہونے تک پکائیں۔اسی طرح لیموں کے ٹکڑوں کو براؤن کریں۔لذیذ تندوری بیف تیار ہے۔ اس کو گرلڈ لیموں ،آم کی چٹنی اور رائتے کے ساتھ پیش کریں۔
لبنانی تندوری مچھلی
درکار اجزاء:
رہو، سرمئی۔ سوا سے ڈیڑھ کلو کا ٹکڑا
سرخ ثابت مرچ۔ آٹھ عدد
ہلدی۔ آدھا چائے کا چمچ
ہری مرچ۔ پسی ہوئی چھ عدد
نمک۔ دو بڑے چمچ
لہسن پسا ہوا ۔ دو چائے کے چمچ
پسا ہوا دھنیا۔ آدھا چائے کا چمچ
ادرک پسا ہوا۔ ایک چائے کا چمچ
لیموں کا عرق۔ دو عدد
ترکیب:
مچھلی کے ٹکڑے کو صاف کرکے اور نمک لگا کر ایک پیالے یا پلاسٹک کے تھیلے میں ڈال کر فریج میں تقریباً چھ گھنٹےکے لیے رکھ دیں پھر سرکہ اور پانی سے دھو لیں۔ گرائنڈر میں لہسن ، ثابت سرخ مرچ، پسا دھنیا، پسی ہلدی ، ادرک، ہری مرچ اور لیموں کا عرق ملا کر پیس لیں اورمچھلی پر اچھی طرح مل دیں اور چار گھنٹے کے لئے رکھ دیں پھر فوائل میں لپیٹ کر تقریباًپندرہ منٹ کے لئے پہلے سے گرم اوون میں رکھیں یا تندور میں پکائیں ۔15منٹ کے بعد کھول کر دیکھیں اگر مچھلی گل گئی ہو تو ٹھیک ہے ورنہ مزید تھوڑی دیر تندور میں رکھیں۔ آلو بخارے کی چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔
تندوری چرغہ
چرغہ کیلئے درکار اجزاء:
چکن۔ ایک کلو (ثابت)
دہی ۔آدھا کپ (پانی نکلا ہوا)
نمک۔ ایک چائے کا چمچ
لیموں کا رس۔ دو کھانے کے چمچ
سرکہ ۔دو کھانے کے چمچ
ادرک لہسن کا پیسٹ۔ دو کھانے کے چمچ
تیل۔ ایک چوتھائی کپ
تندوری مسالہ ۔تین کھانے کے چمچ (ثابت)
تندوری مسالہ کے لئے:
نمک۔ ایک کھانے کا چمچ
گرم مسالہ۔ ایک کھانے کا چمچ (پسا ہوا)
لال مرچ ۔تین کھانے کے چمچ (پسی ہوئی)
اورنج ریڈ کلر ۔آدھا چائے کا چمچ
دھنیا ۔تین کھانے کے چمچ (بھنا اور پسا ہوا)
سونف ۔دو کھانے کے چمچ (بھنی اور پسی ہوئی)
سفید زیرہ۔ دو کھانے کے چمچ (ثابت اور بھنا ہوا)
ترکیب:
تندوری مسالہ کے لیے بلینڈر میں نمک، گرم مسالہ، لال مرچ، اورنج ریڈ کلر، دھنیا، سونف اور سفید زیرہ ڈال کر باریک پیس لیں اور بوتل میں بھر کر استعمال کریں۔ چرغہ کے لیے چکن پر کٹ لگا دیں۔ پھر ایک پیالے میں دہی، تیار کیا ہوا تندوری مسالہ، نمک، لیموں کا رس، سرکہ، ادرک لہسن کا پیسٹ اور تیل ڈال کر مکس کرلیں۔ اب چکن کو اس مکسچر میں دو گھنٹے کے لیے میری نیٹ کر لیں۔ پھر اسےتندور یا اوون میں رکھ کر ہلکی آگ پر چکن کے گلنے تک پکالیں۔ لیجیے تندوری چرغہ پیش کرنے کے لیے تیار ہے۔
تندوری تکہ
درکار اجزاء:
گوشت کی بوٹیاں۔ ایک کلو
پیاز۔ آدھا کلو
تیل ۔حسبِ ضرورت
دہی۔ آدھا کلو
کچا پپیتا ۔آدھا کلو
لہسن ادرک کا پیسٹ ۔دو کھانے کے چمچ
زیرہ۔ دو کھانے کے چمچ
تِل۔ دو کھانے کے چمچ
خشخاش۔ دو کھانے کے چمچ
چنے۔ دو سو گرام (بُھنے اور پسے ہوئے)
نمک۔ حسبِ ضرورت
ترکیب:
پیاز اور تمام مسالوں کو تھوڑے تیل میں تل کر نکال لیں اور پپیتے کے ساتھ سِل پر پیس لیں۔ اس مرکب میں چنے، پسی ہوئی ادرک لہسن، نمک اور دہی ملا کر خوب اچھی طرح گوندھ لیں۔ یہ مرکب گوشت کی بوٹیوں پر اچھی طرح ملیں اور انہیں کم ازکم تین گھنٹے اسی حالت میں پڑا رہنے دیں۔ انہیں کسی تھالی میں پھیلا کر اوون، بھٹی یا تندور میں رکھیں اور کوئی تھال اس کے اوپر رکھ دیں۔ کچھ دیر بعد اس برتن کو اُٹھا کر تکوں کی حالت کا اندازہ لگائیے۔ اگر سُرخی آگئی ہوتو تندور سے نکال لیجئے اور گرم گرم روٹی یا پراٹھوں کے ساتھ پیش کریں۔
تندوری چکن
درکار اجزاء:
مرغی کاسینہ۔ 3 پاؤ
پپیتا۔ آدھا
دہی۔ 6 کھانے کے چمچ
لیموں کا رس۔ 3 کھانے کے چمچ
ادرک لہسن کا پیسٹ۔ 2 کھانے کے چمچ
لال مرچ پاوڈر۔ 1 کھانے کا چمچ
زیرہ بھنا ہوا۔ 1 چائے کا چمچ
دھنیا پاؤڈر۔ 1 چائے کا چمچ
ہلدی۔ آدھا چائے کا چمچ
کھانے کا رنگ۔ آدھا چائے کا چمچ(لال)
چاٹ مسالہ۔ آدھا چائے کا چمچ
سرسوں کا تیل۔ حسبِ ضرورت
نمک۔ حسبِ ضرورت
ہرا دھنیا۔ سجاوٹ کے لیے
ترکیب:
ایک مکسنگ باؤل میں دہی، لیموں کا رس، زیرہ، ہلدی، دھنیا پاوڈر، چاٹ مسالہ، نمک، پپیتا، ادرک لہسن کاپیسٹ اور رنگ،سرسوں کا تیل وغیرہ ڈال کر مکس کر لیں۔ اب مرغی کے پیس ڈال کر کم از کم 2 گھنٹے تک میرینیٹ کریں ۔ اوون کو 180 ڈگری پر 15 منٹ تک گرم کریں اور 20 سے 25 منٹ تک مرغی بیک کریں۔ تیار ہونے پر نکال کر دھنیا سے سجاوٹ کر لیں اور پیش کریں۔
تندوری جل پری
درکار اجزاء:
پاپلیٹ مچھلی (دو عدد)۔آدھا کلو
بیسن۔ایک کھانے کا چمچ
سفید مرچ۔ایک چوتھائی چائے کا چمچ
ادرک لہسن کا پیسٹ۔دو چائے کے چمچ
اجوائن۔آدھا چائے کا چمچ
دہی۔تین کھانے کے چمچ
تندوری مسالہ۔دو کھانے کے چمچ
لیموں کا رس۔دو کھانے کے چمچ
ترکیب:
مچھلی کو دھو کر خشک کر لیں۔ اب اسے دہی، تندوری مسالہ، سفید مرچ، لیموں کا رس، ادرک لہسن کا پیسٹ، بیسن اور اجوائن سے اچھی طرح میرینیٹ کر کے تیس منٹ کے لیے چھوڑ دیں۔ پھر اسے پہلے سے گرم اوون میں ایک سو اسی سینٹی گریڈ پر بیس منٹ بیک کر لیں۔ تندوری جل پری تیار ہے۔
تندوری لیمب وِد رائس سیزننگ
درکار اجزاء:
لیمب۔آدھا کلو
ویجیٹیبل آئل ۔2 چائے کے چمچ
پیاز۔ ایک عدد چھوٹی (کتر لیں)
لہسن۔ ایک جوّا (کچل لیں)
سیاہ سرسو ں کے بیج۔ دو چائے کے چمچ پسے ہوئے
دھنیا۔ ایک چائے کا چمچ
باسمتی چاول۔ ایک کپ (ابلے ہوئے)
بریڈکرمبز۔ آدھا کپ
انڈہ۔ایک عدد(پھینٹا ہوا)
لیموں کا رس۔ایک کھانے کا چمچ
دہی ۔آدھا کپ
تندوری مسالہ پیسٹ۔ دو کھانے کے چمچ
ترکیب:
ایک پیالے میں تمام مسالے چاول ،بریڈ کرمبز ،انڈا اور لیموں کا رس مکس کر لیں۔ رات بھر کے لیے ریفریجریٹر میں رکھیں۔ ایک سوس پین میں تیل گرم کر لیں۔ اس میں پیاز اور لہسن ڈال کر ہلکا سا فرائی کرلیں، پیاز کو نرم کرنا ہے۔ اب اس میں سرسوں کے بیج اور دھنیا ڈال کر بھون لیں۔جب بیج چٹخنے لگیں تو چاولوں والا مکسچر ڈالیں۔
لیمب کے ٹکڑے میں کٹ لگاکراس میں چاولوں کی سیزننگ بھر دیں۔ پھر رول کرکےایک دھاگے سے پورےٹکڑے کو باندھ دیں۔ اس پر دہی اور تندوری مسالہ پیسٹ اچھی طرح مل دیں۔ ایک ڈسپوزیبل بیکنگ ڈش پر رکھ کر ڈھکے ہوئے باربی کیو گرل میں ان ڈائریکٹ ہیٹ استعمال کرتے ہوئے تقریباً دو گھنٹے تک بیک کریں۔ جب گوشت مکمل طور پر خستہ ہو جائے تو نکال لیں۔ دس منٹ رکھ کر سلائس کر کے پیش کریں۔
تندوری موتی تکہ
درکار اجزاء:
چکن۔ آدھا کلو (بون لیس)
کالا زیرہ۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ
کالی مرچ۔ تین چوتھائی چائے کا چمچ (کُٹی ہوئی)
چیڈر چیز ۔تین کھانے کے چمچ (کدو کش)
فریش کریم۔ دو کھانے کے چمچ
انڈے کی سفیدی۔ ایک عدد (پھینٹی ہوئی)
مکھن۔ دو کھانے کے چمچ
گرم مسالہ۔ ایک چائے کا چمچ
ادرک لہسن کا پیسٹ۔ ایک چائے کا چمچ
ہری مرچ۔ ایک چائے کا چمچ (پسی ہوئی)
لیموں کا رس۔ ایک کھانے کا چمچ
نمک۔ ایک چائے کا چمچ
دہی ۔چار کھانے کے چمچ
اسکیورز۔ حسبِ ضرورت
ترکیب:
چکن بون لیس کیوبز پر کالا زیرہ، کُٹی کالی مرچ، چیڈر چیز، فریش کریم اور پھینٹی ہوئی انڈے کی سفیدی ڈال دیں۔ ساتھ ہی مکھن، گرم مسالہ، ادرک لہسن کا پیسٹ، پسی ہری مرچ، لیموں کا رس، نمک، اور دہی لگا کر رکھ دیں۔ پھر انہیں اسکیور میں لگا کر ایک سو اسی ڈگری تک گرم اوون میں بیس منٹ بیک کرلیں۔ تیار ہونے پر گرم گرم پیش کریں۔