• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یاسر کا غیر ملکی اداکاروں کو ’کچرا‘ کہنا مہنگا پڑ گیا

پاکستان شوبز انڈسٹری کے کامیڈین اداکار یاسر حسین کا غیر ملکی اداکاروں کو ’عالمی کچرا‘ کہنا مہنگا پڑگیا۔

یاسر حسین نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر اپنی اسٹوری میں تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ کے کرداروں سے مماثل نوجوانوں کی تصویر شیئر کی۔

یاسر کی جانب سے شیئر کی جانے والی تصویر میں دنوں نوجوانوں نے اسی ڈرامے کے کرداروں سے متاثر ہوکر انہی کی طرح کا لباس پہنے اور ایک شو میں شرکت کی۔

اداکار نے دونوں نوجوانوں کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’ان کو کوئی نہیں پوچھے گا کیونکہ گھر کی مرغی دال برابر اور باہر کا کچرا بھی مال برابر۔‘

یاسر کے اس بیان نے سوشل میڈیا پر تنازع کی صورت اختیار کرلی اور مختلف سوشل میڈیا سائٹس پر ٹاپ ٹرینڈ میں یاسر حسین کا نام اسی بیان کی وجہ سے سرفہرست ہے۔

یاسر کے متنازع بیان پر اکثر انہیں جواب دینے والی انوشے اشرف اس مرتبہ بھی خاموش نہ رہیں اور اداکار کو ٹیگ کرتے ہوئے انہیں کھری کھری سنادیں۔

انوشے نے اپنے ردعمل میں لکھا کہ ’یاسر یہ بات ذہن نشین کرلیں کہ کوئی شخص کچرا نہیں ہوتا، اگر آپ کو اختلاف ہے یا آپ کو کسی کا کام پسند نہیں تو بھی آپ کو غیر ملکی اداکاروں کی عزت کرنی چاہئے۔

اداکارہ انوشے اشرف نے باہمی عزت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر یہ سیریز لوگوں کی آنکھیں کھول سکتی ہے تو اس کے کرداروں کو کچھ بھی  کہا جاسکتا ہے سوائے کچرے کے۔

انوشے اشرف کے تفصیلی ردعمل کو بھی یاسر نے نظر انداز نہ کیا اور جواب دیتے ہوئے سوال کیا کہ انوشے کیا میں نے اس پوسٹ میں ارطغرل کو مینشن کیا؟ نہیں نا، لہٰذا پرسکون ہوجاؤ۔

یاسر حسین نے مزید کہا کہ ہم بچپن سے جاپان کی استری، بھارت کی ساڑھی، آسٹریلیا کی کٹلری کو اچھا سمجھتے ہوئے ہم نے اپنے پاکستانی مال کو کچرا سمجھا ہے ہمیں اس سوچ کو بدلنے کی ضرورت ہے۔

اداکار یہ بھی کہا کہ آج بھی پاکستانی برینڈ نیشنل کی استری سب سے پائیدار ہے، وزیر آباد کی کٹلری کمال ہے اور کمالیہ کی کھدر بے مثال ہے مگر آپ نے اپنے شو میں ساری زندگی انگریزی بولی اور انگریزی گانے بجائے ہیں اس لئے آپ کو سمجھانا تھوڑا سا مشکل ہے۔

یاسر حسین نے آخر میں کہا کہ آپ چِل کریں اور آرام کریں لیکن میری ہر بات کو ارطغرل سے مت جوڑیں اور اپنا خیال رکھیں ہم آپ کی بہت عزت کرتے ہیں۔

تازہ ترین