• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احسان مانی کو کرکٹ ٹیم کی کارکردگی میں بہتری نہ آنے پر تشویش

کراچی (جنگ نیوز) چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے عالمی کرکٹ میں پاکستان ٹیم کی پرفارمنس میں بہتری نہ آنے پر تشویش ظاہر کی ہے۔ بھارتی ویب سائٹ کے مطابق پاکستان نے گذشتہ 12ماہ میں پانچ میں سے دو ٹیسٹ جیتے، تین ہارے، تین میں سے دو ون ڈے اپنے نام کیے، ایک بارش کے سبب نامکمل رہا، جبکہ 12 میں سے تین ٹی ٹوئنٹی جیتے، تین ہی بارش کی نذر ہوئے۔ انگلینڈ میں پاکستان تین ٹیسٹکی سیریز ایک صفر سے ہارا جبکہ ٹی ٹوئنٹی سریز 1-1 سے برابر رہی۔ قومی ٹیم کی کارکردگی پر چند سابق کرکٹرز نے مصباح الحق کو چیف سلیکٹر اور ہیڈکوچ کی ذمہ داریوں میں سے ایک کا بوجھ کم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس متعلق احسان مانی کا کہنا تھا کہ مصباح الحق سے مستقبل کے پلانز سے متعلق بات کی جائے گی۔ انہیں کہا جائے گا کہ وہ ایک سال کی کارکردگی کے بارے میں اپنا تجزیہ دیں۔ میں آفیشلز کو بااختیار بنانے پر یقین رکھتا ہوں، اسی لیے مصباح کو مکمل اختیار اور سپورٹ دی گئی ہے ۔ لیکن وہ قابل احتساب ہیں۔ یہ ان کی اپنی کارکردگی کے معمول کے جائزہ عمل کا حصہ ہے۔ خیال رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی عالمی رینکنگ میں پاکستان ٹیم ٹیسٹ کرکٹ میں ساتویں، ون ڈے میں چھٹے اور ٹی ٹوئنٹی میں طویل عرصے تک نمبر ون رہنے کے بعد چوتھے نمبر پر پہنچ چکی ہے۔

تازہ ترین