لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک)ہولی وڈ کی معروف اداکارہ جینیفر اینسٹن نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکا میں کوئی محفوظ نہیں ہے۔سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر اپنی اسٹوری شیئر کرتے ہوئے جینیفر اینسٹن نے امریکا میں حق رائے دہی استعمال کرنے والوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنا حق استعمال کرنے سے پہلے کچھ حقائق پر غور کریں۔انہوں نے امریکا میں 3 نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے بارے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکا میں کوئی محفوظ نہیں ہے۔اداکارہ کے مطابق ٹرمپ کی انتظامیہ کے متنازع اقدامات سے امریکی شہریوں کو غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے۔خیال رہے کہ ایسا ہی الزام امریکی صدر ٹرمپ نے ڈیمو کریٹ صدارتی امیدوار جو بائیڈن پر بھی لگایا تھا اور کہا تھا کہ جو بائیڈن درحقیقت ڈیموکریٹ لیڈر برنی سینڈرز کی کٹھ پتلی ہیں، جو بائیڈن کے امریکا میں کوئی محفوظ نہیں ہوگا۔ویننزویلا سے متعلق فورم سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر جو بائیڈن صدر بن گئے تو امریکا میں کوئی بھی محفوظ نہیں رہے گا کیونکہ ڈیموکریٹ ملک کو سوشلسٹ ہجوم کے حوالے کردیں گے۔