• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

سرفراز احمد کو تینوں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھلانے چاہئے تھے

گذشتہ دنوں پاکستانی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے دورے پر رہی،ٹیم کی کارکردگی واجبی رہی۔اسی دوران میں نے بھی لندن میں اپنے ہیرو اور سابق پاکستانی کپتان ظہیر عبا س کو فون کرکے آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل ہونے پر مبارک باد دی۔

ظہیر عباس جتنے بڑے کرکٹر تھے اس سے بھی بڑے انسان ہیں۔وہ کرکٹ چھوڑنے کے بعد پاکستان ٹیم کے منیجر بنے،آئی سی سی کے صدر بنے لیکن ان کی انکساری میں کوئی کمی دکھائی نہیں دی۔

میں نے ظہیر عباس کو مبارک دینے کے بعد انہیں آ ل کراچی پروفیسر اعجاز احمد فاروقی انوی ٹیشن کرکٹ ٹورنا منٹ کے فائنل میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے مدعو کیا لیکن پہلے سے طے شدہ مصروفیات کی وجہ سے انہوں نے معذرت کرلی۔لیکن وہ جس انداز میں بات کررہے تھے مجھے حالیہ کچھ کرکٹرز کا انداز دیکھ کر ظہیر عباس کے رویے پر رشک آیا۔بلاشبہ ظہیر عباس جیسے کرکٹرز صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔

میں نے ان سے وعدہ کیا ہے کہ جب وہ کراچی آئیں گے اور ان کے پاس وقت ہوگا تو ہم ان کے ہال آف فیم ملنے پر ان کے اعزاز میں ایک تقریب کا انعقاد کریں گے۔ انگلینڈ کے دورے میں فواد عالم کو گیارہ سال بعد انصاف مل گیا۔لیکن کراچی کے ایک اور سپوت سرفراز احمد کو آخری میچ کھلاکر زیادتی کی گئی۔میرے خیال میں سرفراز احمد کو کم از کم تینوں ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل کھلانا چا ہئے تھے۔

ایک میچ سے کسی کھلاڑی کی کارکردگی کو پرکھا نہیں جاسکتا۔سرفراز احمد تین سال تک تینوں فارمیٹ کے کپتان رہے اچانک ان کے ساتھ بے رخی اور یہ رویہ سمجھ سے بالاتر ہے۔ایسے وقت میں جب کہ ملک میں کلب کرکٹ کم کم ہورہی ہے میں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی اجازت سے اور رائزنگ اسٹار کرکٹ کلب کے زیر اہتمام منعقدہ آل کراچی پروفیسر اعجاز احمد فاروقی انوی ٹیشن کرکٹ ٹورنامنٹ کرایا۔یہ ٹورنامنٹ کورونا کے بعد اب دوبارہ شروع ہوچکا ہے اس کے سیمی فائنل آج ہوں گے۔پی سی بی چیف ایگزیکٹیو وسیم خان جب ہماری دعوت پر اس ٹورنامنٹ کا میچ دیکھنے ٹی ایم سی گراونڈ آئے تو وہ داد دیئے بغیر نہیں رہ سکے۔

ہم اس ٹورنامنٹ میں چیئرمین احسان مانی کو بھی مدعو کرنا چاہتے تھے لیکن انہوں نے اپنی مصروفیات کی وجہ سے کراچی آنے سے معذرت کر لی۔آل کراچی پروفیسر اعجاز احمد فاروقی انویٹیشن کرکٹ ٹورناٹورنامنٹ کے دونوں سیمی فائنلز منگل 8 ستمبر کو کھیلے جائیں گے،پاکستان کرکٹ بورڈ کی اجازت سے اور رائزنگ اسٹار کرکٹ کلب کے زیرِ اہتمام منعقدہ آل کراچی پروفیسر اعجاز احمد فاروقی انویٹیشن کرکٹ ٹورنامنٹ کے آخری کوارٹر فائنل میں پاکستان کرکٹ کلب نے النور جیمخانہ آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا ، پہلے سیمی فائنل میں پاکستان کرکٹ کلب کا مقابلہ عالمگیر جیمخانہ سے کے سی سی اے اسٹیڈیم پر ہوگا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں داؤد اسپورٹس کا مقابلہ بلال فرینڈز کرکٹ کلب سے ٹی ایم سی گراونڈ پر ہوگا۔ 

واضح رہے کہ مذکورہ ٹورنامنٹ میں کراچی کی 80 مشہور و معروف ٹیموں نے حصّہ لیا تھا ٹورنامنٹ کے تمام میچز ٹرف وکٹ پر کھیلے گئے ٹورنامنٹ کی کوئی انٹری فیس نہیں تھی جبکہ ٹیموں کو گیندیں بھی ٹورنامنٹ کمیٹی کی جانب سے فراہم کی گئیں ٹورنامنٹ کا آغاز 19 جنوری کو ہوا تھا اور 5 مارچ تک 72 میچز کھیلے جاچکے تھے اُس کے بعد کوویڈ 19 کی وجہ سے ٹورنامنٹ روکنا پڑا اب جبکہ صورتحال قدرے بہتر ہوچکی ہے اس لئے ٹورنامنٹ کمیٹی نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ٹورنامنٹ کے بقیہ میچز مکمل کرکے فائنل کرایا جائے۔میں پر امید ہوں کہ یہ اور اس جیسے اور ٹورنامنٹ سے کراچی سے سرفراز احمد، اسد شفیق، فواد عالم، سہیل خان جیسے کرکٹرز پاکستان کرکٹ کے افق پر جگمگائیں گے۔

تازہ ترین
تازہ ترین