ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت اور سندھ کے ادارے ہی کراچی کو چلائیں گے، حال ہی میں قائم کمیٹی کا انتظامی معاملات میں کوئی کردار نہیں ہو گا۔
مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سندھ کا حصہ ہے، مذاق تھوڑی ہے، وفاق کو کراچی سے متعلق ذمہ داری اب نبھانی پڑے گی۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کوئی سوچ بھی کیسے سکتا ہے کہ کراچی کو کسی اور کےحوالے کیا جائے گا، وفاق کو کراچی سے متعلق ذمہ داری اب نبھانی پڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت گذشتہ چار پانچ برسوں سے کراچی کو نظرانداز کرتی آ رہی ہے، وزیراعظم کے 2019 میں اعلان کردہ 162 ارب تمام کراچی کونہیں ملے۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ الزام تراشی سے گریز کرنا چاہیے، وفاقی حکومت کراچی سے متعلق کیے گئے اعلانات کو پایہ تکمیل تک پہنچائے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی پیکج میں سندھ حکومت کا 750 ارب روپے کا حصہ ہے، کراچی پیکج پرسیاست نہ کی جائے اور متنازع نہ بنایا جائے۔