میر پور خاص میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی آمد کے پیش نظر انتظامیہ کی پھرتیاں شروع ہوگئیں، اور افسران کی دوڑیں لگ گئیں۔
انتظامیہ کی جانب سے ائیرپورٹ کے قریب مرکزی سڑک کے کنارے سیلاب متاثرین کا ریلیف کیمپ قائم کردیا گیا۔
متاثرین کا کہنا ہے کہ یہ کیمپ آج ہی قائم کیا گيا ہے۔ جبکہ ڈپٹی کمشنر کہتے ہیں ریلیف کیمپ گذشتہ روز قائم کیا گيا۔
واضح رہے کہ سندھ کے ضلع میرپورخاص میں سیلاب سے 500 سے زائد گھر زیر آب آگئے ہیں ہزاروں ایکڑ زرعی زمین بھی تباہ ہوگئی ہے۔
گڈو بیراج پر اس وقت سیلابی صورتحال ہے، وزیر اعلیٰ سندھ
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ گڈو بیراج کے مقام پر اس وقت سیلابی صورتحال ہے، کل گڈو بیراج پر پانی مزید اُوپر جائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گڈو بیراج پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی تقسیم کو کوئی برداشت نہیں کرسکتا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ بھر میں ریکارڈ بارشیں ہوئیں جس کے باعث 25 لاکھ لوگ متاثر ہوچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال پر وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھ کر صورتحال سے آگاہ کیا ہے، اُمید ہے سندھ میں سیلابی صورتحال پر وفاق اپنا کردار ادا کرے گا۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ کراچی پیکیج پر صوبائی حکومت کا بھی حصہ ہے، کوشش ہے وفاق کے ساتھ مل کر کراچی کے لیے کام کریں۔