دریائے سندھ میں گڈو بیراج کے مقام پر اونچے اور سکھر بیراج کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ کشمور سے سکھر تک دریائے سندھ کے دونوں جانب کچے کے تمام علاقے بدھ تک زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔
فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن نے کچے کی دیہی آبادیوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب دادو اور میرپور خاص اضلاع میں سیلاب متاثرین کی مشکلات کم نہیں ہوسکیں۔ اب بھی کئی دیہات اور ایکڑوں پر پھیلی فصلوں میں پانی جمع ہے۔
رحیم یار خان میں چاچڑاں شریف کے مقام پر سیلابی ریلے سے کئی بستیاں زیر آب آنے سے لوگ گھر بار چھوڑ گئے، سیلابی ریلے کے باعث کپاس، چاول اور سبزیوں کی فصلیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں۔