کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)اداکاراؤں کی سگریٹ نوشی کی تصاویر ’لیک‘ ہونے کے واقعات تو درپیش آ چکے تھے لیکن گزشتہ دنوں معروف ماڈل زرش گریوال نے خود ہی اپنے انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر پوسٹ کر دی جس میں وہ سگریٹ پی رہی ہیں، جس پر سوشل میڈیا صارفین ان پر خوب برس رہے ہیں۔ ویب سائٹ ’مینگوباز‘ کے مطابق یہ تصویر ہی نہیں بلکہ ماڈل نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کی بائیو میں بھی سگریٹ نوشی کی ترغیب پر مبنی فقرہ تحریر کر رکھا ہے جس پر لوگوں کا کہنا ہے کہ زرش گریوال ملک میں سگریٹ نوشی کی حوصلہ افزائی کر رہی ہیں۔زرش گریوال کی اس تصویر پر کمنٹس میں ایک خاتون صارف کا کہنا ہے کہ ”تمہیں سگریٹس کی تشہیر کرتے شرم آنی چاہیے، جو نہ صرف تمہارے لیے بلکہ اس معاشرے کے لیے نقصان دہ ہے۔ تمہیں اگر فرق نہیں پڑتا اور تم اگر سگریٹ پینا چاہتی ہو تو نجی طور پر پیو۔ اس طرح اس کی تشہیر کرنے کی کیا ضرورت ہے؟ اس طرح تم دوسری خواتین کو بھی سگریٹ نوشی کی ترغیب دینے کی مرتکب ہو رہی ہو۔“