اسلام آ باد (نمائندہ جنگ) وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے زیارت پالیسی کی تیاری کیلئے کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایران ،عراق ، شام میں مقدسات کی زیارت سے متعلق پالیسی کا حتمی مسودہ جلد مکمل کیا جائیگا، پاکستانی زائرین کو بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے زیارت پالیسی کی تیاری کا عمل جاری ہے، حتمی مسودہ کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے ارکان کو بھجوایا جائیگا جوبعدازاں منظوری کیلئے وفاقی کابینہ میں پیش کیا جائیگا، جامع اور موثر پالیسی کی تیاری کیلئے وزیر مذہبی امور نور الحق قادری، وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری، وزیر میر ی ٹائم افیئرز علی زیدی ، وزیر اعظم کے ترجمان ندیم افضل چن اور سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ پر مشتمل کابینہ کی ذیلی کمیٹی کو ذمہ داری سونپی گئی تھی،سیکرٹری مذہبی امور سردار اعجاز خان جعفر نے دیگر اعلیٰ افسران کے ہمراہ کابینہ کمیٹی کو زیارت پالیسی پر بریفنگ دی ،اجلاس میں مشاورتی عمل مکمل کر نے کے بعد حتمی مسودہ ذیلی کمیٹی کے اراکین کو بھجوایا جائیگا جو منظوری کیلئے وفاقی کابینہ میں پیش کیا جائیگا۔