کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے آئی جی موٹر وے کلیم امام نے کہا ہے کہ لاہور سیالکوٹ روڈ ایف ڈبلیو او نے بنائی ،ہماری حدود میں نہیں،ماہر معیشت محمد سہیل نے کہا کہ موجودہ دور میں اینٹی منی لانڈرنگ کے قانون بہت سخت ہو گئے ہیں ،میزبان شاہزیب خانزادہ نے اپنے تجزیئے میں کہا کہ خاتون سے زیادتی کے واقعہ نے کئی سوالات اٹھا دیئے ہیں۔ آئی جی موٹروے کلیم امام نے کہا کہ لاہور سیالکوٹ روڈ ایف ڈبلیو او نے بنائی ہے، اس کا افتتاح مارچ میں ہوا تھا ابھی تک یہ ہماری حدود میں نہیں ہے،یہ واقعہ جس جگہ ہوا وہ پنجاب پولیس کے دائرہ اختیار میں آتی ہے، آئی جی پنجاب سے بات کر کے راستہ نکالا ہے امید ہے جلد یہاں سافٹ پولیسنگ مارچ شروع کرسکیں گے۔ کلیم امام نے بتایا کہ دو بج کر ایک منٹ پر 130پر خاتون کی کال آئی تھی،خاتون کو عملے نے بتایا کہ آپ جس جگہ ہیں وہ سڑک ان کی حدود میں نہیں آتی، عملے نے اسی وقت ایف ڈبلیو او سے رابطہ کر کے خاتون کی ان سے بات کروائی، ایف ڈبلیو او والوں نے متاثرہ خاتون کونمبر دیا جس پرا نہوں نے رابطہ کیا۔ ماہر معیشت محمد سہیل نے کہا کہ موجودہ دور میں اینٹی منی لانڈرنگ کے قانون بہت سخت ہوگئے ہیں، آج کل بینک میں اکاؤنٹ کھلوانا بہت بڑا عذاب ہے، اس صورتحال میں محدود دستاویز اور خود بینک آئے بغیر ڈیجیٹل اکاؤنٹس کھولنے کا نظریہ بہت اچھا ہے ، دیکھنا ہوگا کہ اس پر عملدرآمد اور آپریشنل ایشوز کو کیسے دور کیا جاسکتا ہے، اس سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی طرف سے اپنے اہلخانہ کو پیسے بھیجنے کیلئے نئے اکاؤنٹس کھلوانے میں آسانی ہوجائے گی لیکن سرمایہ کاری بڑھے گی اس بار ے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔