• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سائوتھمپٹن بوٹ شوز کورونا وائرس کے خوف کی وجہ سے منسوخ

لندن ( پی اے) پبلک ہیلتھ حکام نے دو بوٹ شوز شروع ہونے سے چند گھنٹے قبل کورونا وائرس کے خوف کی وجہ سے منسوخ کرا دیئے۔ بوٹس 2020 اور ایک چھوٹا سیلنگ شو ایم ڈی ایل اوشین ولیج کا آغاز جمعہ سے سائوتھمپٹن میں ہونا تھا جس میں اگلے دس روز تک 20000 تماشائیوں کی شرکت متوقع تھی۔ بوٹس 2020 کے منتظمین نے کہا ہے کہ انہیں برطانوی وقت کے مطابق 18:30 بجے بتایا گیا کہ اس ایونٹ کا انعقاد نہیں ہو سکتا۔ سائوتھمپٹن سٹی کونسل نے کہا ہے کہ فیصلہ قابل افسوس ہے مگر پبلک سیفٹی کو ذہن میں رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ بوٹس2020 کے انعقاد کا انتظام کرنے والی فرم برٹش میرین کی چیف ایگزیکٹیو لیزلے رابنسن نے کہا ہے کہ شو کی منسوخی سے انہیں انتہائی مایوسی ہوئی ہے خصوصا فیصلہ شو کے آغاز سے قبل گیارہویں گھنٹہ میں کیا جانا قابل افسوس ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپنے تماشبینوں کے ساتھ ہم شو کے آغاز کے لئے تمام سیفٹی اقدامات کر چکے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ پبلک ہیلتھ اور سیفٹی سب سے مقدم ہے، فطری طور پر شو کے منتظمین تمام ہدایات پر مکمل طور پر عمل کریں گے۔ واضح رہے کہ اس شو کے لئے تقریباً 230 بوٹس شہر میں لائی جا چکی تھیں۔ سائوتھمپٹن سٹی کونسل کے ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ ڈیبی چیز نے کہا ہے کہ سائوتھمپٹن اور سائوتھ ایسٹ میں لاک ڈائون کے اختتام سے کوویڈ۔19 کے پھیلائو کی شرح انتہائی کم دیکھی گئی تھی۔ تاہم قومی سطح پر کیسز میں اضافہ ہوا ہے، ان ایونٹس کے انعقاد سے ملک بھر سے 20000 افراد کو اگلے دس دن میں سائوتھمپٹن آنا تھا، یہ امر انتہائی اہم ہے کہ ہم انفیکشن کے خدشات میں کمی کے لئے ہدایات پر عمل کریں۔
تازہ ترین