• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرنیچر میں چھپائے پانچ لاکھ ڈالر اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر میامی کے ایئرپورٹ سے فرنیچر میں چھپائے گئے پانچ لاکھ ڈالر ملک سے باہر اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کا کہنا ہے کہ امریکا کے محکمۂ کسٹم کا کہنا ہے کہ میامی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کسٹم اینڈ بارڈر پروٹیکشن آفیسرز نے جمعرات کو چار لاکھ 91 ہزار 280 ڈالر غیر قانونی طور پر ملک سے باہر اسمگل کرنے کی کوشش کو ناکام بنا کر رقم ضبط کر لی ہے۔

کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ اسمگل کی جانے والی رقم ڈومینیکن ری پبلک بھیجے جانے والے فرنیچر کی ایک کرسی کے اندر چھپائی گئی تھی، کسٹم حکام نے سامان کی جانچ پڑتال کے دوران چھپائی گئی رقم کا پتہ لگایا۔

ابھی اس بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا کہ اس رقم کا مالک کون ہے اور اس پر مقدمہ دائر کیا جائے گا یا نہیں۔

امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق کسٹم ایجنسی کے قائم مقام پورٹ ڈائریکٹر رابرٹ ڈیل ٹورو کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ افراد اور گروپ مالی فوائد حاصل کرنے کے لیے غیر قانونی طریقے سے بڑی رقم اسمگل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

امریکی قوانین کے مطابق 10 ہزار ڈالر سے زیادہ رقم اپنے ساتھ لانے والے مسافروں کو اس کی پیشگی اطلاع کسٹم حکام کو دینا ہوتی ہے۔

تازہ ترین