کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان ایران کو باسمتی چاول کی برآمدات کی مارکیٹ میں بھارت کی جگہ لے سکتا ہے، بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان ایران کو باسمتی چاول کا مرکزی برآمد کنندہ ملک بن سکتا ہے جبکہ تہران بھی اسی حوالے سے کوششیں کررہا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ کئی دہائیوں میں پہلی بار ایران کو بھارتی چاول کی برآمدات میں کمی ہوئی ہے جس کی بنیادی وجہ امریکی پابندیوں کی وجہ سے ادائیگیوں میں رکاوٹیں ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق انڈین وزیرخارجہ ایس جے شنکر کے دورہ تہران کے موقع پر اپنے ایرانی ہم منصب جواد ظریف کے درمیان بھی یہ معاملہ زیر بحث آیا تھا۔ ذرائع کے مطابق بھارت سے باسمتی چاول کی درآمدات کا سلسلہ رکنے کے باعث ایران نے اب پاکستانی چاول درآمد کرنا شروع کردیا ہے جبکہ تہران نے نئی دہلی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ادائیگیوں سے متعلق رکاوٹوں کو جلد از جلد دور کرے۔