• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیرون ملک پاکستانیوں کو سہولتوں کی فراہمی اولین ترجیح ہے، ظہیر جنجوعہ

بیلجیئم، لکسمبرگ اور یورپین یونین کیلئے سفیر پاکستان ظہیر اے جنجوعہ نے کہا ہے کہ بیرون ملک پاکستانی ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں، انہیں اور ان کے اہل خانہ کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے اجراء کے حوالے سے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ لاکھوں پاکستانیوں کیلئے بینکاری کی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے حکومت کا ایک بڑا اقدام ہے۔

اس پروگرام کا باقاعدہ افتتاح وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کردیا ہے۔ یہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ پاکستانی باشندوں کو پاکستان کے بینکاری کے نظام کے ساتھ مکمل طور پر ضم کرے گا۔

سفیر پاکستان نے اس کی مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ ڈیجیٹل اکاؤنٹ  اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے پاکستان میں کام کرنے والے کمرشل بینکوں کے تعاون سے متعارف کرایا ہے۔

اس اکاؤنٹ کا کھولنا مکمل طور پر ایک آن لائن عمل کے ذریعے ممکن ہے اس کیلئے کسی بیرون ملک پاکستانی مشن، سفارتخانے یا بینک کی برانچ میں جانے کی ضرورت نہیں۔ جبکہ اس اکاؤنٹ کے ذریعے اسٹاک مارکیٹ اور رہائشی پراجیکٹس میں سرمایہ کاری کے علاوہ بینک کی تمام روایتی خدمات بھی حاصل کی جاسکیں گی۔

سفیر پاکستان ظہیر اسلم جنجوعہ نے بیلجیئم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں پہلے کی طرح اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کرتے رہیں۔

تازہ ترین