اسلام آباد (فاروق اقدس) امریکہ کے خصوصی نمائندے برائے افغان مفاہمت زلمے خلیل زاد گزشتہ شب پاکستان کا دورہ مکمل کرنے کے بعد اسلام آباد سے دہلی روانہ ہوگئے۔ پاکستان میں ان کی ملاقات صرف چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ تک ہی رہی۔ جس دوران افغانستان کے بارے میں پاکستان کے نمائندہ خصوصی محمد صادق بھی موجود تھے۔ تاہم دہلی میں زلمے خلیل زاد نے بھارتی وزیرخارجہ‘ خارجہ سیکرٹری اور اسپیشل سکیورٹی ایڈوائزر سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں اور انہیں دوحہ میں طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے ہونے والی پیشرفت پر بریفنگ دی۔ یہ پہلا موقعہ ہے کہ امریکی خصوصی نمائندے نے بھارت کے کسی اعلیٰ سطح کے وفد سے افغان طالبان کے ساتھ ہونے والے مذاکرات پر دہلی جاکر انہیں بریفنگ دی ہے۔