بالی ووڈ کی ماضی کی صف اول اداکارہ اور بی جے پی (بھارتی جنتیا پارٹی) کی رکن پارلیمنٹ ہیما مالنی کا کہنا ہے کہ منشیات اور اقربا پروری کے جھوٹے الزامات لگا کر بالی ووڈ کو گِرایا نہیں جاسکتا ہے، بالی ووڈ ہمیشہ اعلیٰ عزت میں ہی رہے گا۔
بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے ہیما مالنی نے سابقہ اداکارہ اور رکن پارلیمنٹ جیا بچن کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ’میں تمام لوگوں کو بتانا چاہتی ہوں کہ بالی ووڈ ایک خوبصورت جگہ، ایک تخلیقی دُنیا، فن اور ثقافت کی صنعت ہے۔‘
ہیما مالنی نے دوران انٹرویو کنگنا رناوت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’جب میں لوگوں کوبالی ووڈ پر منشیات اور اقرباپروری جیسے جھوٹے الزامات لگاتے ہوئے دیکھتی ہوں تو مجھے بہت تکلیف ہوتی ہے۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’کوئی بھی داغ ہمیشہ باقی نہیں رہتا ہے اِسی طرح بالی ووڈ پر لگائے گئے داغ بھی ایک دن ختم ہوجائیں گے۔‘
ہیما مالنی نے بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکاروں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’بالی ووڈ نے ہمیں بہت سے عظیم فنکار دیے ہیں جنہیں لوگوں نے خوب پسند کیا، راج کپور، دیو آنند، دھرمیندر (ہیما مالنی کے شوہر) اور امیتابھ بچن یہ وہ معروف روشن فنکار ہیں جنہوں نے دُنیا بھر میں بالی ووڈ کا ایک مقام بنایا۔‘
اداکارہ نے کہا کہ ’بالی ووڈ صرف ایک فلم انڈسٹری نہیں ہے بلکہ یہ ہندوستان ہے۔‘
واضح رہے کہ کنگنا رناوت فلم انڈسٹری میں اقرباپروری کے خلاف آواز بلند کرنے والوں میں شامل ہیں جبکہ انہوں نے اس انڈسٹری کو ’گٹر‘ سے تشبیہ دیدی تھی۔
اسی بیان سے متعلق راجیا سبھا میں خطاب کرتے ہوئے جیا بچن نے کہا تھا کہ شوبز انڈسٹری کے کچھ لوگوں کو سوشل میڈیا پر مار پڑ رہی ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ ایسے لوگ جنھوں نے اس انڈسٹری سے نام بنایا، وہ اسے ہی گٹر کہہ رہے ہیں۔