وزیراعلیٰ مہاراشٹرا اودے ٹھاکرے کے خلاف آواز بلند کرنے پر مقدمہ درج ہونے کے بعد اداکارہ کنگنا رناؤت گورنر کے پاس ملاقت کے لیے پہنچ گئیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کنگنا پولیس کے حصار میں گورنر مہاراشٹرا بھگت سنگھ کوشیاری سے ملاقات کے لیے ان کی رہائش گاہ راج بھون پہنچی۔
تقریباً 45 منٹ جاری رہنے والی اس ملاقات کے بعد کنگنا رناؤت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے خلاف درج مقدمے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’میرا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، میرے ساتھ بدسلوکی ہوئی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ گورنر مہاراشٹرا نے اپنی بیٹی کی طرح میری بات سنی اور مجھے یقین ہے کہ مجھے انصاف ملے گا تاکہ میری جیسی نوجوان لڑکیوں کا اس نظام پر بھروسہ دوبارہ بندھ جائے۔
واضح رہے کہ بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے دارالحکومت ممبئی کی میونسپل کارپویشن (بی ایم سی) نے بالی ووڈ اسٹار اداکارہ کنگنا رناؤت کے آفس کو تجاوزات قرار دے کر اسے توڑ دیا تھا۔
اس سے متعلق کنگنا نے بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے وزیراعلیٰ اُدے ٹھاکرے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’میرے گھر کی طرح تمہاری انا بھی ٹوٹے گی۔‘
انھوں نے ہدایت کار کرن جوہر اور اُدے ٹھاکرے کو بے نقاب کرنے کا بھی اعلان کیا تھا جس کے بعد اداکارہ کے خلاف ممبئی میں مقدمہ درج کروادیا گیا تھا۔