• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) کراچی کیمپس میں ایک طالب علم کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد تدریسی عمل کو دو روز کے لیے معطل کردیا گیا ہے۔

لاہور سے آکر ہاسٹل میں رہنے اور تدریسی عمل کا حصہ بننے والے طالب علم میں کورونا علامات پائی گئیں اور ٹیسٹ مثبت آیا، جس کی وجہ سے آئی بی اے کراچی میں تدریسی عمل دو روز کے لیے معطل کردیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق انتظامی امور معمول کے مطابق جاری رہیں گے اور کیمپس اسٹاف بھی موجود رہے گا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ انتظامیہ کی مدد سے سیکڑوں آئی بی اے کمیونٹی کے کوویڈ ٹیسٹ کروائے گئے، ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد طالب علم کو ہاسٹل میں ہی آئیسولیٹ کیا گیا ہے جبکہ طالب علم نے جس استاد اور ساتھی طالب علم سے ملاقات کی اُن سب کے کرونا ٹیسٹ بھی کروائے جائیں گے۔


واضح رہے کہ ملک بھر میں 6 ماہ سے زائد کی بند رہنے کے بعد 15 ستمبر کو تعلیمی ادارے کھل چکے ہیں۔

گزشتہ روز اسلام آباد کے ایک تعلیمی ادارے میں بھی کئی افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی، جس کے بعد ادارے کو سیل کر دیا گیا، اس کے علاوہ خیبرپختونخوا کے کچھ اسکولوں کے اساتذہ میں بھی کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے پر 22تعلیمی ادارے بند کردیے گئے ہیں۔

این سی او سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے پر خیبر پختونخوا میں 16، اسلام آباد میں 1 اور آزاد کشمیر میں 5 تعلیمی ادارے بند کئے ہیں۔

تازہ ترین