• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرتضی وہاب کی تعلیمی ادارے کھولنے کے فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل

سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون ، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضی وہاب نے تعلیمی ادارے کھولنے کے فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل کردی۔

بیرسٹر مرتضی وہاب نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت اسکول خصوصاً پرائمری سیکشن کھولنے کے فیصلے پر نظر ثانی کریں۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ صورتحال تاحال غیر یقینی ہے، بچے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں کر پائیں گے۔

خیال رہے کہ وزارت تعلیم سندھ نے عالمی وبا کورونا کے باعث بند تمام تعلیمی ادارے 15 سے 30 ستمبر کے دوران مرحلہ وار کھولنے کا اعلان کیا ہے۔

15 ستمبر سے نویں سے تمام ہائر کلاسز بشمول تمام جامعات کھولی جائیں گی جبکہ 22 ستمبر سے چَھٹی سے آٹھویں جماعت تک کلاسز کھول دی جائیں گی۔

وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا تھا کہ 30 ستمبر کو پری پرائمری اور پرائمری کلاسز کھول دی جائیں گی۔

وزیر تعلیم سندھ نے کہا تھا کہ اگر کسی علاقے میں کورونا بڑھتا ہے تو وہاں اسکولز بند کئے جائیں گے، اسکول میں ماسک کا استعمال مکمل طور پر لازمی ہوگا۔

تازہ ترین