سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام نے لوگوں کو پریشانیوں سے بچانے کے لیے فیس بک جیسا فیچر متعارف کروانے کی تیاری کرلی ہے۔
سوشل میڈیا پر قوانین میں ہونے والی نرمیوں کے باعث بدمعاش ذہنیت کے صارفین ایک سادہ لوح صارف کو ڈراتے دھمکاتے ہیں، انہیں پریشان بھی کرتے ہیں۔
فوٹوز اور ویڈیوز پر ایسے لوگوں کے کمنٹس کے باعث صارف کی اپنے دوسرے فالوورز کے درمیان ساکھ خراب ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔
ایسے میں فیس بک کی فوٹوز اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام میں صارفین کو دوسروں سے بچانے کا بندوبست کرلیا گیا ہے۔
کورین نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق انسٹاگرام پر ایک ایسا فیچر متعارف کروایا جارہا ہے جو سادہ لوح صارفین کو دوسروں سے محفوظ رکھے گا۔
ان فیچرز کے ذریعے صارف اب آسانی کے ساتھ ایک نہیں بلکہ ایک سے زیادہ صارفین کو اپنے آپ کو دیکھنے سے بلاک کر سکے گا۔
اس فیچر کی خاص بات یہ ہے کہ جس کو بلاک کیا گیا ہوگا اس صارف کو یہ علم بھی نہیں ہوگا کہ اسے بلاک کردیا گیا ہے۔
بلاک کیے گئے صارف کو دوسرے صارف کی فوٹو یا ویڈیو پر اپنا کمنٹ نظر آرہا ہوگا لیکن اس کے علاوہ کسی بھی صارف کو وہ کمنٹ دکھائی نہیں دے گا۔
اس کے ساتھ ساتھ انسٹاگرام پر صارف اپنی مرضی کے مطابق لوگوں کو انھیں ٹیگ کرنے کی اجازت دینے کے اہل ہوں گے۔