کراچی (اسٹاف رپورٹر) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ بلدیہ فیکٹری آتش زدگی کیس کا فیصلہ 22ستمبرتک موخر کردیا۔ جمعرات کو سینٹرل جیل میں قائم انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے موقع پر جیل حکام نے مقدمے کے مرکزی ملزم ایم کیو ایم کے سابق سیکٹر انچارج رحمان بھولا،زبیر چریا و دیگرکو پیش کیا۔ دوران سماعت مقدمے میں نامزد ملزمان علی حسن قادری ادیب اور ڈاکٹر عبد الستار کی جانب سے اپنے وکیل کے توسط سے فیصلہ موخر کرنے کی درخواست دائر کی گئی۔ دائر درخواست میں ملزمان نے موقف اختیار کیا کہ فیکٹری مالکان کی جانب سے پانچ کروڑ روپے لینے سے متعلق اصل ریکارڈ پیش کرنے کی مہلت دی جائے۔