سعودی عرب میں کورونا وائرس کے نئے کیسز میں مسلسل کمی واقع ہورہی ہے۔ جمعے کو مسلسل دوسرے دن 600 سے کم نئے مریض سامنے آئے۔ جبکہ 90 فیصد سے زیادہ مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔
ایک عرب ویب سائٹ نے وزارت صحت کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا ہے کہ جمعہ 18 ستمبر کو گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 576 نئے مریض سامنے آئے۔ اس طرح متاثرین کی تعداد بڑھ کر 3 لاکھ 28 ہزار 720 ہو گئی ہے۔
وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 145 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ اب تک 3 لاکھ 8 ہزار 352 افراد اس مرض سے شفایاب ہو چکے ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز کورونا سے 31 افراد ہلاک ہوئے۔ اموات کی مجموعی تعداد چار ہزار 430 ہوچکی ہے۔
مملکت میں اس وقت ایکٹیو کیسز کی تعداد 15 ہزار 938 ہے جن میں سے ایک ہزار 189 مریض انتہائی نگہداشت یونٹ میں زیرعلاج ہیں۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف شہروں میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کی سب سے زیادہ تعداد مکہ میں رہی جہاں 58 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔