• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملزم عابد قانون کے کٹہرے میں آئیگا، سزا ملے گی،فیاض چوہان

ملزم عابد قانون کے کٹہرے میں آئیگا، سزا ملے گی،فیاض چوہان 


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے مارننگ شو ’’جیو پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ملزم عابد قانون کے کٹہرے میں آئے گا،جرم کی سزا ملے گی،صنعتکار زبیر موتی والا نے کہا کہ تاجر نا خوش ہیں ،ہماری معیشت تباہ ہو چکی ہے،وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا کہ بچوں کی صحت پر سمجھوتا نہیں کرینگے،پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے کہا کہ حکومت غیر جمہوری ماحول کو پروان چڑھا رہی ہے۔وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ موٹر وے حادثے کی پنجاب پولیس تفتیش کررہی ہے جس میں کوئی جھول نظر نہیں آئے گا ۔ملزم عابد علی قانون کے کٹہرے میں آئے گا اور اسے اپنے جرم کی سزا ملے گی ۔عدالتی نظام موثر بنانے کی ضرورت ہے ،تمام اداروں کو نظام بہتر بنانے کے لئے ایک صفحہ پر آنا ہوگا ۔کرمنل جسٹس سسٹم میں انقلابی تبدیلیوں کیلئے ججز سے رابطے میں ہیں۔ایسا قانون بنانے کی ضرورت ہے جس میں مجرموں کو سہولتیں نہ ملیں۔لاہور پولیس میں جتنی کالی بھیڑیں ہیں ان کی سرپرستی نون لیگ کرتی ہے ۔ پولیس میں مافیا کا خاتمہ وزیراعظم کی ترجیحات میں شامل ہے ۔رہنما پیپلزپارٹی شیری رحمان نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی یکطرفہ رویہ اپناتے ہیں جس سے عوام کا اعتماد پارلیمان پر کم ہورہا ہے ۔ فیٹف کا بل پاس ہوا تو ہم نے دوبارہ گنتی کا کہا لیکن ہماری بات نہیں مانی گئی ۔یہ ربڑ اسٹیمپ پارلیمنٹ نہیں اپوزیشن کے کردار کو نظر انداز نہ کیاجائے ،اہم فیٹیف بل میں اتحادیوں کے اعتراضات کے باوجود حکومت کی حمایت کی کیوں کہ ہم نہیں چاہتے پاکستان گرے لسٹ میں رہے لیکن حکومت غیر جمہوری ماحول کو پروان چڑھارہی ہے ۔سنجیدگی سے سوچ رہے ہیں کہ اب کیالائحہ عمل اپنایا جائے ۔

تازہ ترین