گھرو ں میں باربی کیو کا اہتمام تو اکثر دیکھنے میں آتا ہے مگر جب بات آتی ہے بکرے یا دنبے کی سالم ران بنانے کی تو عموماً اسے بنوانے کے لیے ریستوران کا سہارا لیا جاتا ہے۔ ایک عام خیال یہ ہے کہ سالم ران گھر پر بنانا نہایت مشکل ہے کیونکہ اس کے لیے بڑا برتن درکار ہوتا ہے ورنہ ران کا گوشت اچھی طرح گلتا نہیں اور جگہ جگہ سے کچا رہ جاتا ہے۔
ران کا گوشت چونکہ کھانے میں بہت لذیذ ہوتا ہے، لہٰذا اس کا ذائقہ مزید بڑھانے کے لیے لوگ اپنی پسند کے مطابق مختلف مسالہ جات کا استعمال کرتے ہیں۔ بکرے اور دنبے کی ران کی پسندیدگی اور غذائیت کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے آج اس کی مختلف ریسیپیز بتائی جارہی ہیں جو آپ بآسانی گھر پر تیار کرسکتے ہیں۔
بلوچی سجی
درکار اجزاء:
بکرے کی سالم ران۔ ایک عدد
لیموں کا رس۔ ایک چوتھائی پیالی
پپیتا۔ دو کھانے کے چمچ
لہسن کا پیسٹ۔ ایک کھانے کا چمچ
سفید سرکہ۔ ایک پیالی
نمک۔ حسب ضرورت
چاٹ مسالہ۔ حسب ذائقہ
ہر ادھنیا، ادرک،لیموں۔ سجانے کے لئے
ترکیب:
بکرے کی ران پر چھری سے نشان لگائیں اور ایک بڑی دیگچی میں پانی ڈال کر 45منٹ کے لئے ڈبو دیں۔ اس کے بعد اس میں لیموں کا رس ،نمک ،ادرک ،لہسن ،سفید سرکہ اور پپیتا شامل کرکے ایک سے دو گھنٹے کے لئے چھوڑ یں۔ دو گھنٹے کے بعد دیگچی میں سے آدھا پانی نتھارل لیں اور بقیہ پانی کو اُبلنے کے لئے چڑھا دیں۔ اب ران کو سیخ پر پروئیں اور کوئلے کی درمیانی آنچ پر سینک لیں۔ تیار ہونے پر چاٹ مسالہ لیموں کا رس اور ہر ادھنیا چھڑ ک کر مہمانوں کو پیش کریں۔
ران دم پخت
درکار اجزاء:
بکرے کی ران۔ ایک عدد
نمک۔ حسب ذائقہ
لیموں کا رس ۔ دو عدد
پپیتے کا پیسٹ ۔ دو کھانے کے چمچ
مکھن ۔ پانچ کھانے کا چمچ
تیل ۔ تین کھانے کے چمچ
پیاز ۔ دو سے تین عدد
ادرک لہسن کا پیسٹ ۔ دو کھانے کے چمچ
سرکہ ۔ پانچ کھانے کے چمچ
زیرہ ۔ ایک کھانے کا چمچ (پسا ہوا)
ہلدی ۔ ایک چائے کا چمچ
لال مرچ۔ ایک کھانے کا چمچ (پسی ہوئی)
پسا ہوا دھنیا ۔ ایک کھانے کا چمچ
گرم مسالہ۔ ایک چائے کا چمچ (پسا ہوا)
ہرا دھنیا ۔ آدھی گٹھی
ہری مرچ۔ دو سے تین عدد
پودینہ ۔ ایک چوتھائی گٹھی
ادرک ۔ ایک چھوٹا ٹکڑا (کٹا ہوا)
چاٹ مسالہ۔ ایک کھانے کا چمچ
ترکیب:
پہلے بکرے کی ران کو کٹ لگاکر اسے نمک، تھوڑا سا لیموں کا رس اور پپیتے کے پیسٹ سے میری نیٹ کرکے ایک طرف رکھ دیں۔ اب الگ پتیلی میں مکھن اور تیل گرم کرکے پیاز ڈال کر تھوڑا سا فرائی کریں۔ جب پیاز نرم ہونے لگے تو اس میں بکرے کی ران شامل کرکے تھوڑا سا بھون لیں۔ ران کا رنگ تبدیل ہو جائے تو اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ، سرکہ، پسا زیرہ، ہلدی، پسی لال مرچ، پسا دھنیا اور پسا گرم مسالہ شامل کرکے ایک سے دو منٹ تک بھونیں ۔
پھر اس میں ایک گلاس پانی شامل کرکے ڈھک کر دم پر پکنے دیں۔ پچیس سے تیس منٹ بعد جب ران گل جائے تو اس میں دھنیا، پودینہ، ہری مرچ اور ادرک شامل کرکے مکس کریں۔ آخر میں پلیٹر پر نکالیں اوپر سے تھوڑا سا چاٹ مسالہ چھڑک کر گرم گرم پیش کریں۔
مٹن لیگ روسٹ
درکار اجزاء:
بکرے کی ران۔ ایک سے ڈیڑھ کلو
سرکہ۔ آدھی پیالی
ادرک لہسن پسا ہوا۔ 2 کھانے کے چمچ
سویا سوس۔ 2 کھانے کے چمچ
دہی۔ ڈیڑھ پیالی
نمک۔ حسب ذائقہ
لیموں۔ 3 عدد
تیل۔ 4کھانے کے چمچ
کالی مرچ پاؤڈر۔ 4/1 چائے کا چمچ
سفید زیرہ بھنا ہوا۔ 4/1 چائے کا چمچ
ترکیب:
ران کو صاف کروا کر اس کی ہڈی توڑ کر گہرے کٹ لگوا لیں تا کہ مسالہ اچھی طرح سے گوشت میں جذب ہو جائے ۔ تمام اجزاء کو کسی بڑے باؤل میں اچھی طرح مکس کر لیں اور ران دھو کر مسالوں کا آمیزہ لگا کر کانٹے کے ساتھ اچھی طرح گود لیں تاکہ مسالہ اندرتک اچھی طرح چلا جائے، پھر ران کو دو گھنٹوں کے لئے رکھ دیں۔
اب ایک دیگچی میں مسالہ لگی ران رکھ کر ہلکی آنچ پر رکھ کر ڈھک دیں، جب پانی خشک ہوجائے تو تیل ڈال دیں۔ اگر گوشت کچا ہو تو ایک پیالی گرم پانی ڈال کر ہلکی آنچ پر دم پر رکھ دیں۔ آدھے گھنٹے بعد مزیدار روسٹ تیار ہوجائے گا، گرم گرم روٹی یا نان کے ساتھ پیش کریں۔
بٹر ران مسالہ
درکار اجزاء:
بکرے کی ران۔ ڈیڑھ کلو
ادرک لہسن کا پیسٹ۔ دو کھانے کے چمچ
پسی لال مرچ ۔ دو چائے کے چمچ
دہی ۔ ایک کپ
پیاز ۔ دو کھانے کے چمچ (تلی اور پسی ہوئی)
لیموں کا رس ۔ دو کھانے کے چمچ
نمک ۔ دو چائے کے چمچ
زیرہ ۔ دو چائے کے چمچ (بُھنا اور کٹا ہوا)
اورنج کلر۔ ایک چٹکی
تیل ۔ ایک چوتھائی کپ
پانی ۔ دو کپ
کریم۔ آدھا کپ
مکھن ۔ دو کھانے کے چمچ
قصوری میتھی۔ ایک چائے کا چمچ
گرم مسالہ ۔ پانچ چائے کے چمچ
ہرا دھنیا ۔ دو کھانے کے چمچ
ہری مرچ۔ دو عدد
ترکیب:
بکرے کی ران کو ادرک لہسن پیسٹ، پسی لال مرچ، دہی، تلی اور پسی ہوئی پیاز، لیموں کا رس، نمک، زیرہ اور اورنج کلر سے میرینیٹ کرکے چار گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ اس دوران چھری یا کانٹے کی مدد سے اس پر اچھی طرح کٹ لگا دیں۔ تیل گرم کرکے بکرے کی ران کو دونوں طرف سے پانچ پانچ منٹ کے لئے فرائی کرلیں۔
پھر اس میں باقی بچا ہوا مسالہ پانی کے ساتھ شامل کریں اور ڈھک کر ہلکی آنچ پر ایک گھنٹے تک پکائیں، یہاں تک کہ ران گل جائے۔ اب اس میں کریم، مکھن، قصوری میتھی اور گرم مسالہ ڈال کر پندرہ منٹ مزید پکالیں۔ آخر میں بکرے کی ران کو پلیٹ میں نکال کر باریک کٹا ہرا دھنیا اور سلائس میں کٹی ہری مرچ سے گارنش کرکے پیش کریں۔
بلوچی ران
درکار اجزاء:
بکرے کی ران۔ ڈیڑھ کلو (بغیر ہڈی)
سرکہ ۔ آدھا کپ
دہی ۔ تین سو گرام
پیاز ۔ ایک عدد
ہری مرچ۔ چار عدد
لال مرچ (کٹی ہوئی)۔ ایک کھانے کا چمچ
ادرک ۔ درمیانہ ٹکڑا(باریک کٹا ہوا)
لہسن ۔ آٹھ سے دس عدد (باریک کٹا ہوا)
زیرہ ۔ ایک چائے کا چمچ (بُھنا ہوا)
کالی مرچ ۔ ایک چائے کا چمچ (پسی ہوئی)
گرم مسالہ ۔ ایک چائے کا چمچ
زعفران۔ ایک چٹکی
سرسوں کا تیل۔ حسبِ ضرورت
نمک۔ حسبِ ذائقہ
ترکیب:
سب سے پہلے زعفران کو سرکے میں بھگو دیں اور ران پر چُھری سے کٹ لگاکر اس پر نمک لگائیں۔ پھر اس پر کالی مرچ اور گرم مسالہ لگا کر دو گھنٹے کے لیے چھوڑ دیں۔ ایک مکسنگ باؤل میں دہی، کٹی ہوئی ادرک، کٹا ہوا لہسن، سرسوں کا تیل، کُٹی ہوئی لال مرچ، زیرہ اور زعفران سرکہ کے ساتھ شامل کرکے آمیزہ تیار کرلیں۔
پھر اسے ران پر لگا دیں اور ران کو رات بھر کیلئے رکھ دیں۔ اوون کو ایک سو اسی ڈگری پر گرم کریں۔ بیکنگ ٹرے کو گریس کرلیں اور اس پر ران رکھ دیں۔ ساتھ ہی پیاز اور ہری مرچ رکھ کر اوون میں پکنے رکھ دیں۔ جب اچھی طرح پک جائے تو اسے سلاد اور چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔
قندھاری ران گوشت
درکار اجزاء:
بکرے کی ران۔ ڈیڑھ کلو
کچری پاؤڈر۔ 3کھانے کے چمچ
انار کا سرکہ۔ 2کھانے کے چمچ
لہسن ادرک پاؤڈر۔ 1کھانے کا چمچ
جائفل جاوتری پاؤڈر۔ 4/1چائے کا چمچ
کالی مرچ پاؤڈر۔ 1 کھانے کا چمچ
چلی پیسٹ۔ 2کھانے کے چمچ
نمک۔ حسبِ ذائقہ
تیل ۔ فرائنگ کیلئے
ترکیب:
پیالے میں انار کا سرکہ،کچری پاؤڈر، نمک، لہسن ،ادرک پاؤڈر، جائفل جاوتری پاؤڈر،کالی مرچ پاؤڈر اور چلی پیسٹ ڈال کر مکس کریں، ساتھ ہی ران کو اچھی طرح دھو کر کٹ لگائیں۔ ران پر تیار کیے گئے مسالے کا آمیزہ لگا کر6-5گھنٹے کیلئے میرینیٹ کریں۔ اس کے بعد ایک بڑی دیگچی یا کڑاہی میں تیل گرم کر کے ران فرائی کریں۔ آنچ درمیانی رکھیں، ایک طرف سے سنہری ہوجائے تو پلٹ کر دوسری سائیڈ سے فرائی کرلیں۔ سرونگ پلیٹ میں نکال کر لیموں اور حسبِ پسند چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔
بہاری ران
درکار اجزاء۔
ران ۔ڈیڑھ کلو (سامنے کی ہڈی کاٹ لیں)
دہی۔ آدھا کلو
کالی مرچ پاؤڈر۔ ایک چائے کا چمچ
لال مرچ پاؤڈر۔ ایک چائے کا چمچ
نمک ۔حسب ذائقہ
لہسن کا پیسٹ۔ ایک چائے کا چمچ
ادرک کا پیسٹ۔ آدھا پاؤ
تیل۔ چوتھائی کپ
ترکیب:
ران کو کانٹے سے گودلیں۔ ادرک، لہسن، لال مرچ پاؤڈر، کالی مر چ پاؤڈر، نمک دہی میں مکس کر کے پھینٹ لیں۔ پھر ران کو اس مکسچر میں پوری رات میرینیٹ کرنے کے لئے رکھ دیں۔ اب تیل گرم کر یں اور اس میں مسالہ لگی ران دو گھنٹہ ہلکی آگ پر پکائیں۔ اس کے بعد پلٹ دیں اور دوسری طرف سے دو گھنٹہ پکائیں یہاں تک کہ ران اچھی طرح گل جائے۔ اگر نہ گل سکے تو ایک گھنٹہ اور دم پر رکھیں۔ بالکل ہلکی آگ پر بغیر پانی کے پکائیں۔ لیجیے اسپیشل بہاری ران تیار ہے، گرم گرم کھانے کے لیے پیش کریں۔
بھنی ہوئی ران
درکار اجزاء:
ران۔ ڈیڑھ کلو
دہی۔ ایک کپ
سرکہ ۔تین کھانے کے چمچ
ادرک،لہسن پیسٹ۔ دو کھانے کے چمچ
نمک۔ دو چائے کے چمچ
پسی لال مرچ۔ دو چائے کے چمچ
بھْنا اور کُٹا زیرہ ۔دو چائے کے چمچ
بھْنا اور کُٹا دھنیا۔ دو چائے کے چمچ
پسا گرم مسالہ ۔ایک چائے کا چمچ
تیل ۔آدھا کپ
ترکیب:
سب سے پہلے ران پر کٹ لگائیں۔ سارے مسالے دہی میں مکس کریں اور ران پر اچھی طرح لگا دیں اور چھ سے سات گھنٹے میرینیٹ کریں۔ اب پریشر ککر میں تیل گرم کرکے ران کو باری باری دونوں طرف سے فرائی کرکے اس میں ایک کپ پانی ڈال دیں اور پریشر ککر کو بند کر دیں اور بیس منٹ پکائیں۔ بیس منٹ بعد اگرپریشر ککر میں پانی ہو اور ران گل چکی ہو تو زائد پانی آنچ تیز کرکے خشک کرلیں۔ تیار ران کو سرونگ ڈش میں نکالیں اور ہری مرچ، لیموں سے سجا کرپیش کریں۔
نوٹ: اگر پریشر ککر میں نا بنانا چاہیں تو کسی اور پین میں زیادہ پانی ڈال کے پکا لیں۔ ۔ اگر ران کا وزن زیادہ ہو تو مسالوں کی مقدار آدھا چائے کا چمچ بڑھا دیں۔ اگر وقت کی قلت ہو تو ایک کھانے کا چمچ پپیتا پیسٹ بھی شامل کر لیں۔ بصورت دیگر ران کو مسالہ لگا کے باؤل میں فوائل سے ڈھانپ کر فریج میں رکھ دیں۔ اسے چار سے پانچ روز بعد بھی بنا سکتے ہیں۔
اسٹیم ران روسٹ
درکار اجزاء:
بکرے کی ران۔ ایک عدد
دہی۔ ایک پاؤ
تیل۔ حسب ضرورت
ادرک لہسن کا پیسٹ۔ دو چائے کے چمچ
نمک۔ حسب ذائقہ
گرم مسالہ۔ دو چائے کے چمچ
کچا پپیتا۔ دو چائے کے چمچ
خشخاش (پسی ہوئی)۔ دو چائے کے چمچ
لال مرچ پاؤڈر۔ ایک کھانے کا چمچ
ترکیب:
ران صاف کر کے گہرے لمبے کٹ لگائیں اور اس پر پپیتا لگا کر دو گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ اب دہی، تیل، نمک، مرچ، پسی خشخاش، ادرک لہسن اور گرم مسالہ کا پیسٹ بنا کر ہاتھ سے ران پر اچھی طرح لگاکرمزید کچھ دیر کے لیے چھوڑ دیں۔ اس کے بعد ایک بڑے برتن میں ران ڈال کر اتنی دیر پکائیں کہ وہ گل جائے اور پانی بھی خشک ہو جائے۔ ایک بڑے برتن میں پانی گرم کریں، اس میں بڑی چھلنی رکھ کر ران ڈال کر آدھا گھنٹہ پکائیں۔ اس کے بعد نکال کر ڈش میں رکھ کر فرنچ فرائز اور کھیرے سے سجا کر پیش کریں۔
ہربز میرینیٹڈ لیگ
درکار اجزاء:
ران۔ایک عدد
روز میری کے پتے۔ ایک چائے کا چمچ(چوپ کیے ہوئے)
میتھی کے پتے۔ ایک چائے کا چمچ (چوپ کیے ہوئے)
بریڈ کرمبز۔ ایک چوتھائی کپ
لہسن کے جوے۔ تین عدد(باریک چوپ کرلیں)
پارسلے۔ تین کھانے کے چمچ (چوپ کیاہوا)
پیاز۔ ایک عدد(چھوٹی باریک چوپ کرلیں)
نمک۔ حسبِ ذائقہ
دھنیاپاؤڈر۔ ایک چائے کا چمچ
میدہ۔ چار کھانے کے چمچ
تیل۔ حسبِ ضرورت
سرکہ ۔ حسبِ ضرورت
ترکیب:
ران کو سرکے سے اچھی طرح دھو کر صاف کرلیں۔ پیالے میں روز میری کے پتے ،میتھی،پودینہ،بریڈ کرمبز،لہسن ، پارسلے پیاز اور نمک ڈال کر مکس کریں۔ ران پر چھری سے ترچھے کٹس لگائیں۔تیار کیے ہوئےمکسچر کو ان کٹس میں بھریں۔ نمک،دھنیا پاؤڈر،میدہ ایک پیالے میں ڈال کر مکس کریں اور اس پاؤڈر مکسچر کو ران کے اوپر اچھی طرح لگادیں۔ بیکنگ ٹرے میں ران رکھیں اور اس کے اوپر تیل ڈالیں۔ بیکنگ ٹرے کو پہلے سے گرم اوون میں ایک سو ساٹھ درجہ پر رکھ کر تیس منٹ تک بیک کریں۔
اس کے بعد ٹرے کو اوون سے نکال کر حسبِ ضرورت پانی ڈال کر ٹرے کو دوبارہ اوون میں رکھیںاور تیس منٹ تک مزید بیک کریں۔ چاہیں تو فوائل سے ڈھک لیں۔ تیس منٹ بعد اوون سے سرونگ ڈش میں نکالیں۔ مزیدار ہربز میرینیٹڈ لیگ تیار ہے،گرم گرم پیش کریں۔