• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جوں جوںزمانہ ترقی کررہاہے ، تعلیمی میدانوں میں بھی بہت سےشعبہ جات متعارف ہوتے جارہے ہیں۔ انجینئرنگ جو کسی زمانے میں سول، الیکٹریکل ، میکینکل وغیرہ میں تقسیم تھی ، اب تقسیم در تقسیم ہوتی چلی جارہی ہے۔ ان نئے شعبہ جات کے متعارف کروائے جانے کے بعد تعلیم حاصل کرنے والوں کیلئےیہ آسانی پیدا ہوگئی ہے کہ ان کا رحجان جس فیلڈ کی طر ف زیادہ ہو، وہ اسی میں اسپیشلائزیشن کریں اور اپنے کیریئر کے راستے پر رواں دواں ہو جائیں۔ تعلیمی میدان میں ایسے ہی ایک شعبہ کا آج کے مضمون میں ہم آپ کا تعارف پروسیس انجینئرنگ سے کروارہے ہیں۔ 

انجینئرنگ کی یہ شاخ صنعتی عمل سے متعلق ہے ، خاص طور پر مستقل چلتے رہنے والے جیسا کہ پیٹرو کیمیکلز کی تیاری۔ عام طور پر پروسیس انجینئرز کو کیمیکل انجینئرز بھی کہا جاتا ہے، وہ خام مال کو تیار مصنوعات میں تبدیل کرنے کے لئے سائنسی عمل تیار کرتے ہیں۔ پروسیسنگ انجینئرنگ ایک پیچیدہ اور مسلسل تبدیل ہوتے رہنے والا شعبہ ہے۔ لہٰذا یہ سمجھنا کافی مشکل ہوتا ہے کہ ایک پروسیس انجینئر روزانہ کی بنیاد پر کیا کیا کام کرتا ہے۔

پروسیس اور کیمیکل انجینئرنگ میں فرق

اگر ہم پروسیس انجینئرنگ کو کیمیکل انجینئرنگ کی دوسری صورت کہیں تو بے جانہ ہوگا۔ تاہم اگر ایک دوسرے کاموازنہ کیا جائے تو فرق صرف ڈگری کورس میں نظر آتاہے،یعنی جہاں کیمیکل انجینئرز خاص طور پر کیمیکل پروسیسز پر فوکس کرتے ہیں، وہیں پروسیس انجینئرز ان پروسیسز کی انجام دہی کیلئے پلانٹس لگانے، ان کا ڈیزائن تیار کرنے اور ٹیکنیکل کنڈیشن کے حوالے سے اپنی صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہیں۔

پروسیس اور کیمیکل انجینئرنگ میں مماثلت

کیمیکل اور پروسیس انجینئرنگ، دونوں ہی مٹیریل یا مادہ کی تبدیلی کی انجینئرنگ کہلاتے ہیں۔ سائنس اور ریاضی کے علوم کی بنیاد پر کیمیکل اور پروسیس انجینئرز مٹیریل کی تبدیلی کیلئے ایسے پروسیسز تیار کرتے ہیںجو فعال، کفایتی اور ماحول دوست ہوں۔ پلانٹ کی تکمیل یا پروسیس کے فعال ہونے کے بعد بھی کیمیکل یا پروسیس انجینئر کا کا م ختم نہیں ہوتا۔ جب پروڈکشن شروع ہو جاتی ہے تو کوالٹی کنٹرول کی ذمہ داریاں بھی کیمیکل یا پروسیس انجینئر ہی انجام دیتاہے۔

بیچلرڈگری کورس

پاکستان میں پروسیس انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کرنے کیلئے آپ کو انٹرسائنس پری انجینئرنگ میں اچھے نمبروں سے پاس ہونا ضروری ہوتاہے۔ پروسیس انجینئرنگ ایک بین الکلیاتی سائنس ہے جو میکینکل انجینئرنگ، کیمسٹری اور ٹیکنیکل فزکس کے عناصر پر مشتمل ہے۔ پہلے سیمسٹر میں نیچرل سائنس کے بنیادی کورسز کی تعلیم دی جاتی ہے، جو زیادہ تر لیکچرز اور پرابلم کلاسز پر مشتمل ہوتی ہے۔ 

اس میں جن مضامین پر زیادہ توجہ مرکوز کی جاتی ہے، ان میں میتھس، کیمسٹری اور فزکس شامل ہیں، خاص طورپر ان علوم کے تکنیکی اطلاق اور ان کی آپریشنل ضروریات کو پوراکیا جاتاہے۔ روایتی بنیادی کورسز میں میتھس، کیمسٹری، بائیولوجی ، فزکس ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، فزیکل کیمسٹری، الیکٹریکل انجینئرنگ اور مٹیریل سائنس ، میکینکس، تھرمو ڈائنامکس، فلیوڈ میکینکس اور میژرمنٹ اورکنٹرول انجینئرنگ شامل ہیں۔ جہاں تک لیبارٹری پریکٹیکلز کی بات ہے تو یہ اکثر سیمسٹر بریک کے دوران ہوتے ہیں، طلبا نے جو کچھ سیمسٹر میں سیکھا یا پڑھا ہوتا ہے وہ لیبارٹریز میں اس کا عملی مظاہر ہ کرتے ہیں۔ 

گریجویشن کی یہ ڈگری بی ای یا بی ایس سی کی سطح کی کہلاتی ہے۔ بیچلر ڈگری کورس کے اختتامی سیمسٹرز میں طلبا کو ایک یا دو اسپیشلائزیشن کورس منتخب کرنے ہوتے ہیں۔

گریجویشن کے بعد

نیچرل سائنس کی وسیع معلومات رکھنے کے پیش نظر کیمیکل اور پروسیس انجینئرز کی مانگ فوڈ، کیمیکل اور فارما سیوٹیکل انڈسٹری میں بہت ہے اور یہ انڈسٹری ماحولیاتی تحفظ اور فوڈ بزنس سے لے کر کنسٹرکشن پلانٹس تک پھیلی ہوئی ہے۔ جبکہ آئل انڈسٹری میں ریفائنری کا سپروائزر بننے کےساتھ ساتھ آپ کاسمیٹکس انڈسٹری میں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہر ہ کرسکتے ہیں اور ایک ایسی اسکن کیئر کریم بھی تیار کرسکتے ہیں۔ پروسیس انجینئرز مختلف ضروریات کی بنا پر میکینکل انجینئرز، مٹیریل سائنٹسٹ یا الیکٹرو ٹیکنیکل انجینئرز کے ساتھ ان کے پروجیکٹس میں بھی شامل ہوتے ہیں، جہاں وہ کام پر گہری نظر کھتے ہیں۔

اس کے علاوہ کیمیکل یا پروسیس انجینئرز سائنسدانوں کی تحقیق کے نتیجے میں دریافت شدہ کیمیکل پروسیسز کی بنیاد پر کسی خاص انڈسٹری میں استعما ل ہونےوالے خام مال کا تجزیہ بھی کرتے ہیں۔ چناچہ کیمیکل یا پروسیس انجینئرز کو سائنس اور انجینئرنگ کی بنیادی علوم کے ساتھ ساتھ کمپیوٹرز کی مدد سے مختلف کیمیائی مٹیریلز کا تجزیہ کرنے کی تربیت بھی دی جاتی ہے۔

تازہ ترین