امریکا ایران کے ساتھ آئندہ ہفتے دوبارہ جوہری مذاکرات شروع کرنے کے بارے میں سوچنے لگا۔
امریکی نیوز ویب سائٹ نے دو ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کے مشرقِ وسطیٰ میں نمائندہ خصوصی اسٹیو وِٹکوف آئندہ ہفتے اوسلو میں ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کریں گے۔
امریکی اخبار کے مطابق ملاقات کے حوالے سے حتمی تاریخ طے نہیں ہوئی ہے۔
امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق امریکا اور ایران نے خبر کی سرکاری سطح پر تصدیق نہیں کی ہے۔
دوسری جانب ترجمان ایرانی دفترِ خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ امریکا سے مذاکرات تب تک نہیں ہو سکتے جب تک وہ دھوکا دینا نہیں چھوڑ دیتا۔
اسماعیل بقائی نے امریکی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ وائٹ ہاؤس کی جانب سے صاف نیت نظر آئے گی تو سفارتکاری کے راستے پر چلا جاسکتا ہے اور ایٹمی معاملات پر مذاکرات بحال ہوسکتے ہیں۔