روسی باکسر اناستاسیا لوچکینا نے بن مانس کے ہمراہ ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے، جس پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ روسی باکسر خطرے سے دوچار بن مانس کی ایک قسم اورنگوٹان کو ویپ (ای سگریٹ) پلا رہی ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ روسی باکسر پہلے خود ویپ نوشی کرتی ہیں اور پھر اورنگوٹان کو ویپ دے دیتی ہیں، جس پر وہ روسی باکسر کی نقل کرتے ہوئے متعدد بار اسی طرح ویپ نوشی کرتی ہے۔
ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین میں شدید غم و غصے پایا جارہا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین روسی باکسر کے اس اقدام کو لاپرواہی اور غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کر رہے ہیں۔
نیو یارک پوسٹ کے مطابق ڈانا نامی یہ اورنگوٹان 2018ء سے کریمیا کے سفاری پارک میں رہ رہی ہے اور مبینہ طور یہ اس خطے کی واحد اورنگوٹان ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس واقعے کے بعد ڈانا نے کھانا پینا چھوڑ دیا ہے، اس کی بھوک ختم ہوچکی ہے۔ لوگوں سے بات چیت کرنے سے انکار کر رہی ہے اور دن کا بیشتر حصہ اکیلئے، بے حرکت گزارتی ہے، جس کے سبب اسے صحت کے سنگین مسائل لاحق ہیں۔
جانوروں کے ڈاکٹروں کو شبہ ہے کہ اس نے ویپ سے نیکوٹین نگل لیا ہے، جو شدید نشہ کا باعث بن سکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ویپ کارٹیج میں 2.5 سے 3 ملی لیٹر نکوٹین مائع ہوتا ہے اور نقصان کی حد کا تعین کرنے کے لیے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی باکسر اناستاسیا لوچکینا کو ممکنہ طور پر جرمانے اور پارک میں داخلے پر پابندی عائد کی جاسکتی ہے۔