لاہور (اے پی پی) پاکستان کے ساتھ بارٹر ٹریڈ کے لئے تیار ہیں،کوشش ہے جلد دونوں ممالک میں ہوائی سفر دوبارہ شروع ہو سکے۔ پاک ایران تجارتی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔کوشش ہے کہ جلد پاکستان اور تہران کے مابین ہوائی سفر دوبارہ شروع ہو سکے۔ایران پاکستان کو پیٹرو کیمیکل، سٹیل اور ایل پی جی دینے کو تیار ہے۔ایران پاکستان سے چاول، گوشت اور دیگر چیزیں بارٹر ٹریڈ کے تحت تجارت کرنے کو تیار ہے۔پاکستان اور ایران کے تعلقات دوستانہ اور بھائی چارے کے ہیں، ان خیالات کا اظہار ایرانی قونصل جنرل لاہورمحمد رضا ناظری نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی) کے صدر میاں انجم نثار کی زیرصدارت ایف پی سی سی آئی پاک ایران بزنس کونسل کے دوسرے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات صرف پروٹوکول کی حد تک نہیں ہیں۔ایران کے ساتھ پاکستان تعلقات آج مزید مستحکم ہوئے ہیں۔ایران پاکستان کے ساتھ تجارتی اور ثقافتی تعلقات کو بڑھانے کو تیار ہے۔دونوں ممالک کے مابین پٹروکیمیکل، ایل پی جی سمیت دیگر شعبوں میں مزید تعاون کی ضرورت ہے۔