• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک بھارت جنگ کے دوران بھارتی خاتون پائلٹ آخر گئی کہاں؟

گزشتہ ماہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی جنگ کے دوران متعدد جعلی خبریں سوشل میڈیا پر گردش میں رہیں جن میں سے ایک بھارتی خاتون پائلٹ کا پاکستان فوج کے ہاتھوں پکڑا جانا بھی تھا، تاہم اس پر پاک فوج کے جوان نے وضاحت دے دی۔

رواں ماہ کے آغاز میں منائی جانے والی عید الاضحیٰ کے موقع پر جیو نیوز کے مزاحیہ شو ’ہنسنا منع ہے‘ کا عید اسپیشل شو پاک فوج کے درمیان آزاد کشمیر میں ریکارڈ کیا گیا۔

شو کے میزبان تابش ہاشمی نے اپنے اندازِ میزبانی سے پاک فوج سمیت ناظرین کو بھی قہقہے لگانے پر مجبور کیا۔

شو کے دوران جہاں پاک فوج کے نوجوانوں نے دلچسپ واقعات اور بہادری کی داستانیں سنائیں وہیں متعدد اہم سوالوں کے جواب بھی دیے۔

تابش ہاشمی نے موقع پر چوکا مارتے ہوئے پاک فوج سے پاک بھارت جنگ کے دوران بھارتی پائلٹ کے پاکستان کی حدود میں آنے اور فوج کے ہاتھوں پکڑے جانے سے متعلق سوال بھی کر ڈالا۔

تابش ہاشمی نے پوچھا کہ یہ افواہ پھیل گئی ہے، مجھے نہیں معلوم کہ سچ ہے یا جھوٹ؟ آپ ہمیں بتائیں کہ کیا واقعی میں ہمارے پاس دشمن ملک کی خاتون پائلٹ موجود ہیں۔

اس پر لیفٹیننٹ کرنل علی نے بتایا کہ ہمارے پاس کوئی بھارتی پائلٹ موجود نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے اس افواہ کے پیشِ نظر متعدد کالز بھی آئیں کہ آپ نے خاتون پائلٹ کو پکڑ لیا ہے جس کی میں نے تردید کی، ہمارے پاس کوئی خاتون پائلٹ نہیں ہے۔

اس پر تابش ہاشمی نے پوچھا کہ خاتون پائلٹ پاکستان میں نہیں تو بھارت کا کہنا ہے کہ وہ پائلٹ ان کے پاس بھی نہیں ہیں تو آخر خاتون پائلٹ گئی کہاں؟ مجھے شک سا ہے؟

اس کے جواب میں لیفٹیننٹ کرنل علی نے کہا، ’نہیں خاتون پائلٹ ہمارے پاس نہیں ہیں۔‘

خاص رپورٹ سے مزید