ایران نے اسرائیل پر پھر میزائل داغ دیے، جس کی تصدیق اسرائیلی فوج نے کر دی۔
اس حوالے سے اسرائیلی فوج نے کہا کہ ایران سے اسرائیل کی جانب میزائل داغے گئے ہیں، اسرائیلی دفاعی نظام خطرے سے نمٹنے کےلیے فعال ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تل ابیب میں متعدد دھماکے سنے گئے ہیں۔
تل ابیب، ہرزیلیا اور مقبوضہ بیت المقدس سمیت اسرائیل کے مختلف شہروں میں ایرانی میزائلوں سے تباہی ہوئی ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ہرزیلیا میں حساس ہدف پر میزائل گرے ہیں، تل ابیب میں بھی کئی عمارتیں نشانہ بنی ہیں۔
اسرائیلی فوج نے نقصانات چھپانے کے لیے سنسر شپ سخت کر دی۔
ایرانی میڈیا کے مطابق اسرائیلی مقبوضہ علاقوں پر میزائل داغے ہیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیل میں خطرے کے سائرن بج اٹھے۔
واضح رہے کہ ایران نے رات کو اسرائیل پر میزائلوں سے ایک اور بڑا حملہ کیا تھا، حملوں میں اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب اور حیفہ کو نشانہ بنایا گیا، حیفہ ریفائنری کی پیداوار روک دی گئی۔
ایرانی میڈیا کے مطابق تازہ حملوں میں حیفہ ریفائنری کے 3 ملازمین ہلاک ہوئے جبکہ ریفائنری کی پیداوار مکمل طور پر روک دی گئی ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی شہر شیراز پر داغے گئے 20 سے زائد اسرائیلی میزائل فضائی دفاعی نظام سے تباہ کر دیے۔