• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف اے پی سی سے خطاب کے ذریعے اپنی خاموشی توڑیں گے

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) سابق وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی دعوت قبول کر لی، جس کے تحت وہ اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) سے اتوار کو براہ راست خطاب کر کے اپنی سیاسی خاموشی توڑ یں گے۔ 

نواز شریف کے بڑے بیٹے حسین نواز نے یہاں ہفتہ کے روز بتایا کہ اے پی سی فورم سے ان کی تقریر کو براہ راست نشر کرنے کے انتظامات کر لئے گئے ہیں اور یہی خطاب حسن نواز شریف کے دفتر سے براہ راست سوشل میڈیا پلیٹ فارم بشمول ٹیوٹر، فیس بک اور یوٹیوب پر دیکھا جا سکے گا۔ 

ہفتہ کے روز اسحاق ڈار کے بیٹے علی ڈار کو میڈیا آلات حسن نواز شریف کے دفتر سے لیتے ہوئے دیکھا گیا۔ حسین نواز نے تصدیق کی ہے کہ نواز شریف کے سوشل میڈیا پر ظاہر ہونے اور اے پی سی سے ان کی تقریر دکھانے کے انتظامات کر لئے گئے ہیں، وہ پاکستانی وقت کے مطابق تقریباً دوپہر کو کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ 

نومبر 2019 میں علاج کے لئے لندن آمد کے بعدنواز شریف کا اے پی سی سے خطاب ان کا پاکستانی سیاست پر ایک حملہ ہوگا۔ حسین نے اس شبہ کا اظہار کیا کہ حکومت کے دبائو پر نواز شریف کی تقریر ٹی وی پر نشر نہیں ہوگی، تاہم ان کا کہنا تھا کہ یہ ناممکن ہے کہ اس دور میں کسی کا پیغام لوگوں تک پہنچنے سے روکا جا سکے۔

تازہ ترین