• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’حقوق کراچی مارچ“ میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان ہوگا، سراج الحق

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر/این این آئی) امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت الیکشن کمیشن اور پولنگ بوتھ کو آزاد چھوڑے اور شفاف انتخابات کرائے، 27 ستمبر کو شاہراہِ قائدین پر ”حقوق کراچی مارچ“ میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا، کراچی کے عوام 27ستمبر کوشاہراہ قائدین پر ہونیوالے مارچ میں خواتین و بچوں سمیت شریک ہوکر جماعت اسلامی کی تحریک کاحصہ بنیں۔ وہ جماعت اسلامی ضلع غربی کے تحت ایک روزہ تربیت گاہ کے اختتام پر”عوامی سیشن“سے خطاب کررہے تھے۔ سینیٹر سراج الحق نے مزید کہاکہ موجودہ حکومت دو سال میں بچوں اور بچیوں کی عزت نہیں بچا سکی تو ملک کیسے چلائے گی،حکمرانوں نے کراچی سے اربوں روپے لوٹ کراپنا بنک بیلنس بڑھایا ، آج پارٹی کا کلرک ایک بڑا سرمایہ دار بن گیا یہ ایک بڑی تبدیلی آئی ہے،ملک میں اس وقت سب سے زیادہ نقصان پی ٹی آئی کے سپوٹرز اور ووٹرز کو ہوا ہے،پیپلز پارٹی، مسلم لیگ اور ایم کیو ایم کا کارکن بھی پریشان ہے، ملک میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، اپوزیشن جماعتیں پی ٹی آئی کی حکومت ختم کرکے اپنی حکومت قائم کرنے کی جدوجہد جبکہ ہم طاغوت کی حکومت ختم کرکے اللہ کی حاکمیت قائم کرنا چاہتے ہیں۔سراج الحق نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ تینوں جماعتوں کواقتدار میں لائی مگرعوام کو مہنگائی، غربت، بیروزگاری کے سوا کچھ نہیں ملا، غریب غریب تر ہوگیا۔ زینب الرٹ بل منظوری کے باوجود ابھی تک تھانوں میں نہیں پہنچا، اگریہی قانون کسی امیر کے لئے ہوتا تو اگلے دن عملدآمد کے لئے عدالتوں اور تھانوں تک پہنچ چکا ہوتا۔ مولانا عبد الحق نے کہا کہ بلوچستان میں لاپتا افراد کا مسئلہ جوں کا توں ہے۔ جماعت اسلامی کراچی کی حقوق کراچی مہم کو کامیاب بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ”حقوق کراچی تحریک“ سیاسی نہیں دینی تحریک ہے، ہم نے سرکاری سطح پر حقوق کراچی مارچ کا اعلان کیا ہے۔ کل بھی کراچی کے مسائل حل کئے تھے آج بھی جماعت اسلامی ہی کراچی کے مسائل حل کرسکتی ہے۔

تازہ ترین