آپ آف لائن ہیں
بدھ10؍ربیع الاوّل 1442ھ28؍اکتوبر 2020ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

بنیادی صحت سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے،وزیر صحت وخزانہ

پشاور(نیوزڈیسک)صوبائی دارالحکومت پشاور میں بنیادی صحت سہولیات کی فراہمی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ پشاور کے تمام مراکز صحت پر ڈاکٹرز، عملے اور طبی آلات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور انہیں اپنی پوری استعداد کے ساتھ فعال رکھا جائے گا۔ محنتی اور قابل ڈاکٹرز کی پشاور کے ہسپتالوں میں تعیناتی کی جائے گی جبکہ کام نہ کرنے والوں کو ضلع بدر کر دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اعلیٰ تعلیم و اطلاعات کامران خان بنگش کے ہمراہ پشاور میں صحت سہولیات کے حوالے منعقدہ پشاور کے ممبران صوبائی اسمبلی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پشاور سے منتخب ممبران صوبائی اسمبلی ارباب جہانداد، ارباب وسیم، فضل الٰہی، پیر فدا، ملک واجد، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر پشاور ڈاکٹر عظمت اور ڈپٹی ڈی ایچ اوز سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔ ممبران صوبائی اسمبلی کو پشاور میں مراکز صحت اور ان میں دستیاب صحت سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں ان مراکز صحت کو اگلے 6 ماہ میں اپنی پوری استعداد کے ساتھ فعال بنانے کے منصوبے سے آگاہ کیا گیا۔ بی ایچ یوز میں بجلی، واٹر سپلائی، مردانہ اور زنانہ علیحدہ علیحدہ باتھ رومز، ویٹنگ روم اور دیگر بنیادی

سہولیات کی فراہمی کے عمل پر جلد کام شروع کر دیا جائے گا۔ اسی طرح بی ایچ یوز میں 8 مختلف طبی آلات کی دستیابی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ 6 مختلف بیماریوں کی تشخیص کے لیے ٹیسٹنگ کٹس و آلات بھی فراہم کیے جائیں گے۔

پشاور سے مزید