• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت انتقامی کارروائی بند، میر شکیل الرحمٰن کو رہا کرے، مقررین

حکومت انتقامی کارروائی بند، میر شکیل الرحمٰن کو رہا کرے، مقررین


کراچی ، لاہور، پشاور، پنڈی(اسٹاف رپورٹر، نمائندگان جنگ)جنگ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف گزشتہ روز بھی کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے، کراچی میں مسلم لیگ ن سندھ کے نائب صدر اقبال خاکسارنے صحافی تنظیموں، جنگ جیو ایکشن کمیٹی کے زیراہتمام میرشکیل الرحمٰن رہائی احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئےکہاکہ اس ملک میں حق اور سچ کی آزادی ہونی چاہئے، یہ انسان کا بنیادی حق ہے، ایڈیٹر انچیف جنگ جیو میرشکیل الرحمٰن کے خلاف جھوٹا مقدمہ ختم کرکے انہیں فی الفور رہا کیا جائے، کیمپ سےکے یو جے کے سابق جنرل سیکرٹری اور موجودہ ٹریژرار جاوید قریشی، ایپنک کے سیکریٹری جنرل شکیل یامین کانگا، ایپنک کراچی کے وائس چیئرمین رانا محمد یوسف نے بھی خطاب کیا ۔دوسری جانب لاہور میں ڈیوس روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں سول سوسائٹی کے عبداللہ ملک، سینئر صحافیوں اور جنگ و جیو گروپ کے کارکنوں و ملازمین کے علاوہ دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی، اس موقع پر مقررین نے کہا کہ میر شکیل الرحمن جمہوریت کی آواز ہیں حکومت انہیں زیادہ دیرپابند سلاسل نہیں رکھ سکتی، ان کو جتنی دیر پابند سلاسل رکھا جائے گا معاملات مزیدخراب ہوتے جائیں گے۔آزادی صحافت پر حملہ کرنے والوں کو قوم معاف نہیں کرے گی ، عدالت عظمیٰ کو اپنا آئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے اس معاملے پر از خود نو ٹس لینا چاہیے اور ان کی فوری رہائی کا حکم دینا چاہیے۔اوکاڑہ سے مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی چوہدری منیب الحق نے کہا کہ قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کی طرف سے میر شکیل الرحمٰن کی رہائی کے مطالبے کے باوجود ان کا اسیر رہنا اس بات کی دلیل ہے کہ حکومت پارلیمینٹ کی آواز کو بلڈوز کر رہی ہے،جماعت اسلامی اوکاڑہ کے نائب امیر ملک محمد افضل اعوان نے کہا کہ جماعت اسلامی میر شکیل الرحمٰن کی رہائی تک پارلیمینٹ کے اندر اور باہر آواز اٹھاتی رہے گی۔دوسری جانب خیبر یونین آف جرنلسٹس اور پشاور پریس کلب کے صحافیوں نے ایڈیٹر انچیف جنگ گروپ اور جیو نیوز میر شکیل الرحمان کی گرفتاری کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے حکومتی اقدام کو غیر قانونی، بدنیتی پر مبنی ، میڈیا دشمنی اور صحافت پر حملہ قرار دیا اور کہا ہے کہ تبدیلی سرکار میں سچ بولنا جرم بن گیا ، جنگ گروپ کو سچ بولنے اور دکھانے کی سزا دی جارہی ہے، حکومت انتقامی کارروائی بند کرکے میر شکیل الرحمان کو رہا اور صحافیوں کا معاشی قتل عام بند کرے۔ مزید برآں روزنامہ جنگ راولپنڈی کے باہر مری روڈ پر جمعرات کو احتجاجی مظاہرہ گیا کیا، سینئر صحافیوں اور دیگر سیاسی و سماجی کارکن بھی موجود تھے، شرکاء نے بینرز اٹھا رکھے تھے۔

تازہ ترین