بھارتی شہر ممبئی میں پھل فروشوں کی جانب سے پھلوں پر چوہے مار زہر لگانے کا چونکا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے، سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس میں شکایت ایک مقامی رہائشی نے ویڈیو ثبوت کے ساتھ درج کروائی تھی، کارروائی کے دوران فروٹ اسٹال سے راٹول نامی زہریلا مادہ برآمد ہوا جس میں یلو فاسفورس شامل ہوتا ہے، اسٹال کو سیل جبکہ ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
گرفتار ملزمان کی شناخت منوج سنگاملال کیسروانی اور راہل سدنلال کیسروانی کے نام سے ہوئی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں ایک پھل فروش کو کیلے سنبھالتے ہوئے اور کریم نما مادہ لگاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ وہ رات کے وقت پھلوں کو چوہوں سے بچانے کے لیے یہ زہر استعمال کرتے رہے ہیں۔