کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں مسلح ملزمان سے پولیس کا مقابلہ ہوا ہے جس کے دوران گلستانِ جوہر تھانے کے ایڈیشنل ایس ایچ او شہید ہو گئے، چاروں ملزمان زخمی حالت میں فرار ہو گئے۔
ایس ایس پی ایسٹ ساجد سدوزئی کے مطابق گلستانِ جوہر میں سمامہ شاپنگ مال کے قریب مشتبہ گاڑی روکنے پر ملزمان نے فائرنگ کر دی۔
ایس ایس پی ایسٹ ساجد سدوزئی کے مطابق پولیس اور مسلح ملزمان کے درمیان فائرنگ کا 2 طرفہ تبادلہ ہوا، ملزمان کی فائرنگ سے سب انسپکٹر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
ایس ایس پی ایسٹ نے مزید بتایا ہے کہ جاں بحق اہلکار کی شناخت سب انسپکٹر رحیم خان کے نام سے ہوئی، جو تھانہ گلستانِ جوہر میں ایڈیشنل ایس ایچ او تعینات تھے۔
سی سی ٹی وی ویڈیو میں ملزمان کی فائرنگ کے بعد پولیس موبائل کو کھمبے سے ٹکراتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
جس گاڑی سے فائرنگ کی گئی اس میں پولیس کی وردی پہنے ایک شخص بھی موجود تھا۔
ملزمان نے فائرنگ سے قبل ایک کے بعد ایک تین گاڑیاں چھینیں اور تیسری گاڑی میں فرار ہو گئے، ملزمان کی چھوڑی گئی گاڑی میر پور خاص کے جرائم پیشہ جنید بلند کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔
شہید ایڈیشنل ایس ایچ او سب انسپکٹر رحیم خان کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔
پولیس مقابلے کے بعد چاروں ملزمان زخمی حالت میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جائے وقوع پر پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی تھی، ملزمان کی تلاش جاری ہے۔