• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی شوبز شخصیات کا آسٹریلوی کرکٹر ڈین جونز کے انتقال پر دکھ کا اظہار

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)عالمی شہرت یافتہ آسٹریلین بلے باز اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا اہم حصہ بننے والے ڈین جونز دل کا دورہ پڑنے سے 59سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ڈین جونز کا انتقال 24 ستمبر کو بھارت کے شہر ممبئی میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوا جہاں وہ انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل) کے سلسلے میں اسٹار انڈیا کے لیے کمنٹیٹر کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہے تھے۔1997-98میں ریٹائرمنٹ کے بعد وہ کمنٹری کے شعبے سے وابستہ ہو گئے اور پاکستان سپر لیگ سمیت دنیا کی مختلف لیگوں میں کوچنگ کے فرائض بھی انجام دیتے رہے۔ان کے انتقال پر جہاں کرکٹ کی دنیا کے مداح اشکبار ہیں وہیں پاکستانی سیلیبریٹیز کی جانب سے بھی ان کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا گیا۔وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے ڈین جونز کے انتقال پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مختلف ٹوئٹس میں لکھا کہ ڈین جونز کے انتقال کی خبر سے میرے شوہر اور ہمارے اہلخانہ دکھ میں ہیں۔انہوں نے لکھا کہ انتہائی دکھ کے ساتھ ہم عظیم آسٹریلوی شہری کو الوداع کہہ رہے ہیں، جنہوں نے خود کو اپنے کام اور اہلخانہ کے لیے وقف کردیا تھا۔شنیرا اکرم نے لکھا کہ اس دکھ کی گھڑی میں ہماری دعائیں ان کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں۔اپنے علیحدہ ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ مجھے فخر ہے کہ ڈین جونز نے گزشتہ 5 برس پاکستان میں کام کیا۔انہوں نے نے لکھا کہ جو شخص بھی ڈین جونز کو جانتا تھا یا جس نے بھی ان کے ساتھ کام کیا اسے معلوم ہے کہ انہوں نے پاکستان میں کرکٹ کے لیے کتنی پروا کرتے تھے۔

تازہ ترین