رواں سال اداکارہ سارہ خان کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھنے والے گلوکار فلک شبیر کا نیا گانا ’درد کہانی‘ ریلیز ہوگیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر فلک شبیر نے اپنے نئے گانے ’درد کہانی‘ کی ایک ویڈیو کلپ پوسٹ کی جس میں گلوکار کے نئے گانے کے کچھ مناظر کو دِکھایا گیا ہے۔
ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے فلک شبیر نے اپنے مداحوں کو خوشخبر ی سُناتے ہوئے بتایا کہ ’اُن کا نیا گانا ’درد کہانی‘ ریلیز ہوگیا ہے۔‘
فلک شبیر کے اس نئے گانے کی کمپوزیشن کی بات کریں تو ’درد کہانی‘ کو کمپوز کرنے والے فخر عباس اور طیب امین ہیں جبکہ اس گانے کو تحری فلک شبیر اور طیب امین نے کیا ہے۔
5 منٹ پر مشتمل فلک شبیر کے اس نئے گانے میں پیار اور محبت کی ایک درد بھری داستان کو بخوبی انداز میں دِکھایا گیا ہے جبکہ یوٹیوب پر اب تک 44 ہزار سے زائد افراد ’درد کہانی‘ کو دیکھ چُکے ہیں۔
دوسری جانب سارہ خان نے بھی اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں فلک شبیر کے نئے گانے کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا کہ ’درد کہانی‘ ریلیز ہوگیا ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال 17 جولائی کو اداکارہ سارہ خان اور نامور گلوکار فلک شبیر رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شوبز انڈسٹری کی اس جوڑی کو 2020 کی بہترین جوڑی قرار دیا گیا تھا۔